نیوزی لینڈ کے معروف کرکٹر نے اپنی ریٹائرمنٹ واپس لے لی
نیوزی لینڈ کے ریٹائرڈ کرکٹر راس ٹیلر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے 3 سال بعد ریٹائرمنٹ واپس لے لی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق نیوزی لینڈ کے مڈل آرڈر بیٹر راس ٹیلر نے ایشیا ایسٹ، ایشیا پیسیفک ٹی 20 ورلڈ کوالیفائر مقابلوں میں سموا کی جانب سے ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
راس ٹیلر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) قوانین کے مطابق رواں برس کے اوائل میں سموا کی نمائندگی کرنے کے اہل ہو گئے تھے، دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے بیٹر اپنی والدہ کی وجہ سے ساموائی پاسپورٹ بھی رکھتے ہیں۔

سموا ایسٹ ایشیا پیسفک ریجنل کی ان 9 ٹیموں میں شامل ہے جو ایشیا کوالیفائر کھیلیں گی، عمان میں ہونے والے گروپ مرحلے میں سموا کی ٹیم عمان اور پاپوا نیو گنی کی ٹیم سے مقابلہ کرے گی۔
انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کا سوشل میڈیا سائٹ ’انسٹاگرام‘ پر اعلان کرتے ہوئے راس ٹیلر نے لکھا کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی کہ میں اب بین الاقوامی مقابلوں میں سموا کی نمائندگی کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ اُس سے کہیں زیادہ ہے، جس کھیل سے میں بے پناہ محبت کرتا ہوں، یہ میرے لیے انتہائی اعزاز کی بات کہ میں اپنی ثقافت، کلچر، گاؤں اور خاندانوں کی نمائندگی کروں۔
راس ٹیلرز نے مزید لکھا کہ میں یہ موقع ملنے، اس کھیل کو کچھ واپس کرنے، اسکواڈ کو جوائن کرنے اور میدان میں دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ اپنا تجربہ شیئر کے لیے بہت زیادہ پُرجوش ہوں۔
یاد رہے کہ راس ٹیلر نے نیوزی لینڈ کے لیے 112 ٹیسٹ میچز میں 44.66 کی اوسط سے 7 ہزار 683 رنز بنا رکھے ہیں، مڈل آرڈر بیٹر نے 236 ون ڈے میچز میں 8 ہزار 607 جبکہ ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ کے 102 مقابلوں میں ایک ہزار 909 رنز بنائے ہیں۔
راس ٹیلر نے نیوزی لینڈ کے لیے کسی بھی بین الاقوامی مقابلے میں آخری مرتبہ 2022 میں نمائندگی کی تھی۔











لائیو ٹی وی