• KHI: Clear 26.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 17.6°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.2°C
  • KHI: Clear 26.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 17.6°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.2°C

سونا اسمگل کیس میں رانیا راؤ اور ساتھیوں پر 270 کروڑ روپے جرمانہ عائد

شائع September 5, 2025
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

فلمی انداز میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی سے کروڑوں روپے مالیت کا سونا بھارت اسمگل کرنے والی 31 سالہ بھارتی اداکارہ رانیا راؤ اور ان کے ساتھیوں پر مجموعی طور پر 270 کروڑ بھارتی روپے کا جرمانہ عائد کردیا گیا۔

بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلیجنس کی تحقیقات سے معلوم ہوا تھا کہ رانیا راؤ نے مجموعی طور پر 127 کلوگرام سونا غیر قانونی طور پر بھارت منتقل کیا۔

اداکارہ کی جانب سے اسمگل کیے گئے سونے کی مجموعی تعداد کو دیکھتے ہوئے اس پر جرمانہ عائد کیا گیا۔

حکام نے خبردار کیا ہے کہ اگر جرمانہ مقررہ مدت میں ادا نہ کیا گیا تو اداکارہ کی جائیدادیں ضبط کر لی جائیں گی۔

مذکورہ کیس میں تین دیگر افراد کو بھی ملزم قرار دیا گیا ہے، جس میں سے تارون کونڈور راجو پر 67.6 کلوگرام سونے کی اسمگلنگ کے الزام میں 62 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

اسی طرح ساہل جین اور بھارت جین پر 63.61 کلوگرام سونے کی اسمگلنگ کے الزام میں بالترتیب 53 کروڑ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔

مذکورہ کیس میں چاروں ملزمان پر مجموعی طور پر 270 کروڑ بھارتی روپے تک کا جرمانہ عائد کیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق ملزمان پر جرمانوں کے علاوہ فوجداری مقدمات بھی چلائے جائیں گے اور اسمگل شدہ سونے کی وصولی کے لیے قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔

رانیا راؤ اور دیگر ملزمان پرعائد یہ جرمانہ بھارت میں حالیہ دنوں میں سونے کی اسمگلنگ کے خلاف سب سے بڑے جرمانوں میں سے ایک ہے۔

رانیا راؤ کو چار مارچ 2025 کو بنگلورو ایئرپورٹ سے ساڑھے 14 کلو سونا جو کہ بھارتی 13 کروڑ روپے کا بنتا ہے، اسمگل کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔

اداکارہ نے فلمی انداز میں کپڑوں اور جسم کے ساتھ سونے کے بسکٹس کو اس طرح چپکایا ہوا تھا کہ اسے تلاش کرنا مشکل تھا، تاہم ایئرپورٹ پر حکام نے انہیں بڑی ہوشیاری سے پکڑا۔

رانیا راؤ نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا تھا کہ انہوں نے یوٹیوب سے سونا اسمگل کرنے کا طریقہ سیکھا اور انہوں نے اپنے جرائم کا اعتراف بھی کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2025
کارٹون : 17 دسمبر 2025