کورین ٹائپ نہیں مردانہ وجاہت رکھنے والے مرد سے شادی کروں گی، جینس ٹیسا
ماڈل و اداکارہ جینس ٹیسا نے کہا ہے کہ وہ دیسی خیالات کی لڑکی ہیں، انہیں کورین ٹائپ کے لڑکے پسند نہیں، وہ مردانہ وجاہت رکھنے والے مرد سے شادی کرنا چاہیں گی۔
جینس ٹیسا نے حال ہی میں ’مذاق رات‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت مستقبل میں اپنے شریک حیات کے معاملے پر بھی کھل کر بات کی۔
پروگرام کے دوران انہوں نے ماضی میں محبت کیے جانے اور دل ٹوٹنے کا انکشاف بھی کیا اور کہا کہ یک طرفہ محبت عذاب ہوتی ہے، ایسی محبت نہیں ہونی چاہیے۔
ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے انکشاف کیا کہ کیریئر کے آغاز میں انہیں نسلی تعصب کا سامنا بھی کرنا پڑا، ان کی رنگت کی وجہ سے انہیں مسترد بھی کیا گیا۔
ماڈل و اداکارہ نے واضح کیا کہ انہوں نے بہت زیادہ نسلی تعصب کا سامنا نہیں کیا، تاہم انہیں بھی روایتی تعصب کا سامنا کرنا پڑا، پاکستان میں خوبصورتی کے الگ معیارات ہوتے ہیں۔
ان کے مطابق ماڈلنگ کی طرح ان کا اداکاری کا کیریئر بھی اچھا جا رہا ہے اور اب تک ان کے کام کو پسند کیا جا رہا ہے اور انہیں بھی اداکاری میں مزہ آرہا ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں جینس ٹیس نے کہا کہ شوبز اور فیشن میں آنے والے نئے لڑکوں اور لڑکیوں کو اپنے کیریئر پر توجہ دینی چاہیے، انہیں اپنا موازنہ کسی سے نہیں کرنا چاہیے۔
ان کے مطابق ہر کسی کا اپنا کیریئر ہوتا ہے، کوئی کسی کی جگہ نہیں لیتا، نئے لوگ یہ سوچ کر آئیں کہ وہ کسی سے آگے نکلنے کی دوڑ کا حصہ نہیں، وہ صرف اپنی جگہ بنانے پر فوکس کریں تو انہیں کامیابی ضرور ملے گی۔
مستقبل کے شریک حیات سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ ہمدرد اور نیک سیرت انسان سے شادی کرنا چاہیں گی جو متوسط طبقے سے تعلق رکھتا ہو۔
جینس ٹیسا کا کہنا تھا کہ انہیں دراز قد اور مردانہ وجاہت رکھنے والے مرد پسند ہیں، جنہیں داڑھی ہو اور رعبدار شخصیت ہو۔
ان کے مطابق انہیں کوریا کے لڑکوں کی طرح کے نازک لڑکے پسند نہیں، وہ مردانہ وجاہت رکھنے والے بارعب مرد سے شادی کریں گی۔












لائیو ٹی وی