پاکستانی مختصر فلم ’دی کرفیو‘ کی وینس میں نمائش
دنیا کے معتبر فلمی میلے ’وینس‘ میں پاکستانی نژاد امریکی فلم ساز شہریزاد مہر کی مختصر فلم ’دی کرفیو‘ کا پریمیئر ہوگیا۔
مذکورہ فلم کو فیسٹیول میں 4 اور 5 ستمبر کو دو مختلف مقامات پر دکھایا گیا، یہ اس سال کے فیسٹیول میں پاکستان کی واحد فلم تھی۔
فلم کے پروڈیوسرز میں لنڈسے بلیئر گولڈنر اور مترہ جاوید شامل ہیں جبکہ کاسٹ میں ستھیا سری دھرن، بلندر جوہل، سارہ حیدر، راجیش بوس، کرس تھورن اور سلویٰ خان شامل ہیں۔
فلم کی کہانی ایک پاکستانی نژاد امریکی نوجوان عیان کے گرد گھومتی ہے جو اپنی نانی نیر کی دیکھ بھال کر رہا ہوتا ہے۔
فلم میں دکھایا گیا ہے کہ عمر رسیدہ نیر فالج کے بعد کمزور ہوجاتی ہیں اور وہ صرف اردو بولتی ہیں جب کہ ان نواسے یہ زبان زیادہ اچھے انداز میں نہیں سمجھ پاتے۔
فلم میں دکھایا گیا ہے کہ دونوں کے درمیان زبان اور ماضی کی یادیں فاصلے پیدا کر دیتی ہیں جب کہ نیر کے خواب اور ماضی میں 1970 کی دہائی میں پاکستان میں لگایا جانے والا مارشل لا بھی اس رشتے کو مزید پیچیدہ بناتا ہے۔
فلم میں دکھایا گیا ہے کہ نسلوں کے درمیان کیا چیزیں آگے منتقل ہوتی ہیں اور کس طرح ذاتی ذمہ داریاں سیاسی اور سماجی تاریخ سے جڑ جاتی ہیں۔
عیان امریکا میں نسلی تعصب اور روزمرہ کے مسائل کا سامنا کرتے ہیں، جو اس کے بوجھ کو مزید بڑھا دیتے ہیں۔
فلم کا آغاز ایک تصویر سے ہوا، پھر پھل فروش کی ریڑھی کا منظر اور پھر اس سے پوری کہانی جنم لیتی گئی۔
فلم میں جگہوں اور مناظر کو کرداروں کے جذباتی حالات کے استعارے کے طور پر استعمال کیا گیا ہے، جیسے تنگ گلیاں اور پرانے فلیٹ دکھائے گئے ہیں۔
اداکار ستھیا سری دھرن (عیان) کو ان کی خاموش اداکاری اور آنکھوں کے ذریعے جذبات ظاہر کرنے کی صلاحیت کی بنیاد پر کاسٹ کیا گیا۔
نیر کا کردار بلندر جوہل نے ادا کیا اور سارہ حیدر نے بہن زینب کے کردار کو آواز دی، جو فلم میں ایک ہلکا سا مزاح اور قربت کا احساس لے کر آتی ہے۔
یہ مہر کا پہلا کہانی پر مبنی پراجیکٹ ہے، اس سے پہلے وہ دستاویزی اور ویڈیو آرٹ پر کام کرتی رہی ہیں۔
فلم کی ایڈیٹنگ میں گھریلو مناظر اور نگرانی کی ویڈیوز کو جوڑ کر ایک ایسا ماحول بنایا گیا ہے، جس میں مرکزی کردار خود کو مسلسل ’غلط سمجھا جانے‘ یا ’نظر رکھے جانے‘ کے احساس میں پاتا ہے۔
’دی کرفیو‘ کو پہلے بھی 2023 میں اسلامک اسکالرشپ فنڈ کی نیشنل فلم گرانٹ مل چکی ہے۔











لائیو ٹی وی