• KHI: Partly Cloudy 19.9°C
  • LHR: Fog 11.8°C
  • ISB: Rain 13.3°C
  • KHI: Partly Cloudy 19.9°C
  • LHR: Fog 11.8°C
  • ISB: Rain 13.3°C

امریکی نیوی سیلز کا 2019 میں شمالی کوریا میں خفیہ آپریشن بُری طرح ناکام ہوا، رپورٹ

شائع September 6, 2025
— فائل فوٹو: رائٹرز
— فائل فوٹو: رائٹرز

امریکی نیوی سیلز کا 2019 میں شمالی کوریا کے صدر کم جونگ اُن کی جاسوسی کے لیے آلات نصب کرنے کا خفیہ آپریشن بُری طرح ناکام ہوا تھا۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق امریکا کی ایلیٹ نیوی سیلز نے 2019 میں شمالی کوریا کے گوشہ نشین رہنما کم جونگ اُن کی جاسوسی کی غرض سے ’سننے والا آلہ‘ نصب کرنے کی کوشش کی تھی۔

تاہم امریکی نیوی سیلز کا یہ خفیہ مشن فورا ہی بے نقاب ہو گیا تھا اور اس کے نتیجے میں متعدد شہری ہلاک ہوئے تھے۔

یہ کارروائی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پہلی انتظامیہ کے دوران اُس وقت کی گئی تھی جب امریکا کے کم جونگ اُن کے ساتھ جوہری مذاکرات جاری تھے۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق یہ آپریشن اتنا خطرناک سمجھا جا رہا تھا کہ اس کے لیے براہِ راست صدارتی منظوری درکار تھی، لیکن ڈونلڈ ٹرمپ نے 5 ستمبر 2025 کو اصرار کیا کہ انہیں اِس کارروائی کا کوئی علم نہیں تھا۔

امریکی صدر نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے اس کے بارے میں کچھ بھی معلوم نہیں، میں پہلی بار اس مشن کے بارے میں سن رہا ہوں۔

نیویارک ٹائمز نے رپورٹ کیا کہ مہینوں کی تیاری کے باوجود یہ مشن بھیانک انداز میں ناکام ہوا، جبکہ امریکی اخبار نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اس حوالے سے 2 درجن سے زائد لوگوں سے بات چیت کی۔

جس کے مطابق یہ وہی امریکی سیلز یونٹ تھا، جس نے 2011 میں اسامہ بن لادن کو بھی مارا تھا، یہ گروپ چھوٹی آبدوزوں کے ذریعے شمالی کوریا پہنچا، جس میں گھنٹوں تک انہیں منجمد کر دینے والے پانی کا سامنا کرنا پڑا، اس کے بعد یہی سیلز تیر کر ساحل پر پہنچے۔

سیلز کمانڈوز نے سمجھا کہ وہ اس جگہ پر اکیلے ہیں تاہم وہ قریب ہی موجود ایک چھوٹی کشتی کو دیکھ نہیں سکے۔

اس دوان شمالی کوریائی باشندوں پر مشمل وہ کشتی کمانڈوز کی آبدوزوں کے قریب آ گئی، جب کہ کشتی کے عملے کے ہاتھوں میں ٹارچ بھی موجود تھیں، تھوڑی ہی دیر بعد کشتی میں سے ایک شخص نے پانی میں چھلانگ لگا دی۔

یہ سوچ کر کہ مشن افشا ہو گیا ہے، ساحل پر موجود امریکی نیوی فورس کے ایک سینئر اہلکار نے کشتی پر فائرنگ کرنا شروع کر دی جسے دیکھ کر باقی ساتھیوں نے بھی فائرنگ کرنا شروع کر دی۔

اخبار نے رپورٹ کیا کہ جب نیوی سیلز کشتی کے قریب پہنچے تو وہاں 2 یا 3 لاشیں پڑی دکھائی دیں، تاہم اُن کے پاس کوئی ہتھیار یا وردی موجود نہیں تھی، مرنے والے غالبا عام شہری تھے جو سیپیاں نکالنے کے لیے غوطہ لگا رہے تھے۔

بعد ازاں، امریکی سیلز محفوظ طریقے سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

نیو یارک ٹائمز کے مطابق اس کارروائی کے بعد کئی مرتبہ اس واقعے کی جانچ پڑتال کی گئی جس میں ان ہلاکتوں کو جائز قرار دیا گیا، ان رپورٹس کے نتائج کو خفیہ رکھا گیا اور کانگریس کے اہم رہنماؤں کو بھی اس معاملے کی خبر تک فراہم نہیں کی گئی۔

اگرچہ یہ ناکام مشن کسی بڑے بین الاقوامی بحران کا سبب نہیں بنا، لیکن بن سکتا تھا اور یہ واقعہ اس امر کو اجاگر کرتا ہے کہ امریکی ایلیٹ فورسز دنیا بھر میں کس قدر رازداری اور آزادی کے ساتھ کام کرتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2025
کارٹون : 18 دسمبر 2025