• KHI: Partly Cloudy 23.7°C
  • LHR: Cloudy 15°C
  • ISB: Cloudy 15.8°C
  • KHI: Partly Cloudy 23.7°C
  • LHR: Cloudy 15°C
  • ISB: Cloudy 15.8°C

ندا یاسر دوسری شادی کا ذکر برداشت نہیں کرتیں، یاسر نواز کا انکشاف

شائع September 11, 2025
— فوٹو: اسکرین گریب
— فوٹو: اسکرین گریب

اداکار، پروڈیوسر اور ہدایت کار یاسر نواز نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی اہلیہ ندا یاسر دوسری شادی کے حوالے سے کسی بھی گفتگو کو برداشت نہیں کرتیں اور اگر پروگرام یا ملاقات کے دوران ایسی بات کی جاتی ہے تو وہ فوراً ناراض ہو جاتی ہیں۔

یاسر نواز نے حال ہی میں ’گپ شپ وِد واسع چوہدری‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ جب ان کا جسم فربہ تھا تو ان کے وزن کی وجہ سے انہیں ڈراموں میں صرف ایسے کرداروں کی پیشکش کی جاتی تھی جو کھاتے پیتے یا موٹے تازہ افراد کے ہوتے تھے، لیکن وزن کم کرنے کے بعد اب انہیں بہتر کردار ملنے لگے ہیں اور انتخاب کا موقع بھی زیادہ ملتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ صحت مند رہنے کے لیے روزانہ صبح دو گھنٹے جم کرتے ہیں اور شام کو ایک سے ڈیڑھ گھنٹہ چہل قدمی کرتے ہیں۔

اداکار نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ پراٹھے یا پائے کا نام سن کر بھی ان کا وزن بڑھنے لگتا ہے۔

پروگرام کے دوران ایک واقعہ سناتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ اہلیہ کے ساتھ مرحوم عامر لیاقت کے پروگرام میں شریک ہوئے تھے، اسٹیج کے پیچھے کھڑے ہونے کے دوران ندا یاسر نے ان کا ہاتھ موڑتے ہوئے کہا کہ پروگرام میں دوسری شادی کے حوالے سے کوئی بات نہ کریں، اگر ایسی کوئی بات ہوئی تو وہ فوراً شو چھوڑ کر چلی جائیں گی۔

یاسر نواز کے مطابق یہ سن کر وہ گھبرا گئے اور پروگرام کے دوران عامر لیاقت سے زیادہ ندا یاسر کو دیکھتے رہے تاکہ وہ ناراض نہ ہوں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کی اہلیہ ندا یاسر شادی کے کئی سال بعد بھی اگر کسی خاتون کی جانب سے ان کی تعریف سن لیں تو ناراض ہوجاتی ہیں۔

خیال رہے کہ یاسر نواز اور ندا یاسر کی شادی 2002 میں ہوئی تھی اور اس جوڑے کے تین بچے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2025
کارٹون : 18 دسمبر 2025