موٹروے پر سفر کے دوران حادثہ پیش آیا، گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی، ارباز خان کا انکشاف
ماضی کے مقبول اداکار ارباز خان نے موٹروے پر سفر کے دوران پیش آنے والے ایک خوفناک حادثے کی تفصیلات بتا دیں۔
ارباز خان نے حال ہی میں پروگرام ’زبردست وِد وصی شاہ‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر کھل کر بات کی۔
گفتگو کے دوران ارباز خان نے کہا کہ محبت بار بار ہوسکتی ہے لیکن عشق ایک ہی بار ہوتا ہے اور انہیں وہ عشق مل گیا۔
انہوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ وہ دل پھینک ہیں اور کالج کے زمانے سے لے کر آج تک محبت کا اظہار برملا کرتے رہے ہیں۔
اداکار نے ایک افسوسناک حادثے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والا ان کا ایک سادہ طبیعت کا ملازم اور ایک نیا ڈرائیور ان کے ساتھ تھے، ایک روز شوٹنگ کے بعد تھکن کے باعث انہوں نے ڈرائیور کا انتظام کیا اور سفر پر روانہ ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ چونکہ رات کا سفر تھا، اسی لیے وہ اور ملازم سو گئے، جب کہ ڈرائیور گاڑی چلاتا رہا، اسی دوران گاڑی کو خوفناک حادثہ پیش آیا اور وہ مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ حادثے میں ان کا ملازم جاں بحق ہوگیا، جب کہ ڈرائیور کی پسلیاں ٹوٹ گئیں، تاہم اللہ کے کرم سے وہ خود محفوظ رہے اور انہیں کوئی خراش تک نہیں آئی۔
ارباز خان نے بتایا کہ اس حادثے سے ایک دن پہلے انہوں نے اپنے ملازم کو بٹنوں والا نیا موبائل فون دیا تھا، حادثے کے بعد جب وہ پمز ہسپتال جارہے تھے تو اسی فون پر ملازم کی والدہ کی کال آئی، جو بیٹے سے اس کی شادی کی تیاریوں کے بارے میں پوچھ رہی تھیں، لیکن ان میں ملازم کی والدہ کو انتقال کی خبر دینے کی ہمت نہ ہوسکی اور فون بند کردیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ملازم کا فون آج بھی ان کے پاس موجود ہے اور جب بھی وہ ایسا فون دیکھتے ہیں تو ساری یادیں تازہ ہوجاتی ہیں۔
ارباز خان نے مزید بتایا کہ حادثے سے دو دن قبل اسی ملازم نے ان کے شناختی کارڈ کی ایک کے بجائے دو کاپیاں بنوا کر دی تھیں اور یہی اضافی کاپی ہسپتال میں اس کی میت لے جانے کے وقت کام آئی۔











لائیو ٹی وی