مداحوں کا میرے لیے پیار دیکھ کر سلمان خان بھی حیران رہ گئے، ارباز خان
ماضی کے مقبول اداکار ارباز خان نے بتایا کہ یو اے ای میں چیریٹی میچ کے دوران مداحوں کا ان کے لیے پیار دیکھ کر سلمان خان بھی حیران رہ گئے۔
ارباز خان نے حال ہی میں پروگرام ’زبردست وِد وصی شاہ‘ میں شرکت کرتے ہوئے ایک یادگار چیریٹی میچ کے تجربات کے بارے میں بتایا۔
انہوں نے بتایا کہ یہ میچ یو اے ای میں ہوا تھا، جس میں پاکستان اور بھارت کے بڑے نام شامل تھے۔
ارباز خان کے مطابق پاکستان کی طرف سے شعیب اختر، عاطف اسلم، ہمایوں سعید، اعجاز اسلم، سعود، ریمبو، ریما، خوشبو اور دیگر اداکار شامل تھے، جب کہ بھارت کی جانب سے سلمان خان کے ساتھ سہیل، ارباز، رتیش دیش مکھ، چنکی پانڈے، جاوید جعفری، سنجے کپور اور کچھ خواتین موجود تھیں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ یہ میچ پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ نہیں تھا بلکہ دونوں طرف کے کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا تاکہ مقابلہ دوستانہ اور تفریحی ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ جب وہ اسٹیڈیم پہنچے تو شائقین کی بہت بڑی تعداد موجود تھی، جن میں پٹھان شائقین کی بھی بڑی تعداد شامل تھی، ٹاس کے بعد وقفے کے دوران سلمان خان نے شائقین کو خوش کرنے کے لیے کہا کہ چلو ان سے ملتے ہیں۔
اداکار کے مطابق سلمان اپنے سیکیورٹی گارڈز کے ساتھ پہلی صف میں تھے، جاوید شیخ، بہروز سبزواری اور معمر رانا دوسری اور تیسری صف میں موجود تھے، جب کہ وہ خود آٹھویں صف میں تھے۔
ارباز خان نے بتایا کہ سلمان خان جہاں سے گزرتے، وہاں پٹھان شائقین شور اور نعرے بازی کرتے، پھر کچھ دیر کے لیے شور تھم جاتا اور جب ان کی باری آتی تو شور دوبارہ شروع ہو جاتا۔
انہوں نے کہا کہ یہ لمحہ واقعی خاص تھا کیونکہ سلمان خان نے بھی ایک مرتبہ پیچھے مڑ کر دیکھا تھا کہ ان کے جانے کے بعد کس کے لیے شور ہو رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یو اے ای میں موجود تمام پٹھان شائقین نے ان سے محبت اور خوشی کا بھرپور اظہار کیا اور یہ تجربہ ان کے لیے بہت یادگار رہا۔











لائیو ٹی وی