کھیل میں سیاست کو گھسیٹنا اس کی اصل روح کے خلاف ہے، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھارتی کرکٹ ٹیم کی جانب سے کھیل کو داغدار کرنے کے واقعے کے بعد کہا ہے کہ اسپورٹس مین شپ کی کمی دیکھ کر انتہائی مایوسی ہوئی۔
محسن نقوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ کھیل میں سیاست کو گھسیٹنا اس کی اصل روح کے خلاف ہے، امید ہے کہ آئندہ فتوحات تمام ٹیمیں وقار اور شائستگی کے ساتھ منائیں گی۔
ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایشیا کپ میں اتوار کے روز پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے اختتام پر بھارتی ٹیم نے پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا تھا۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کےکپتان سوریا کمار یادیو نے ٹاس کے موقع پر بھی پاکستانی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا سے ہاتھ نہیں ملایا تھا۔
تاہم میچ کے اختتام پر جب بھارت نے پاکستان کے خلاف فتح حاصل کی تو 47 رنز پر ناٹ آؤٹ اننگز کھیلنے والے بھارتی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو اور 10 رنز پر کھیلنے والے شیوم دھوبے پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملائے بغیر ہی میدان سے باہر چلے گئے تھے۔
سوریا کمار یادیو نے میدان سے باہر پہنچتے ہی باقی بھارتی کھلاڑیوں کو بھی ڈریسنگ میں بُلا لیا، اس دوران پاکستان ٹیم میدان کے اندر ہی موجود رہی تھی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیم کے کپتان نے بھارتی ٹیم کے اس رویے پر احتجاج کے طور پر پوسٹ میچ پریزنٹیشن میں بھی حصہ نہیں لیا۔
کھیل میں سیاست
بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کھیل میں سیاست کو لے آئے، پاکستان کے خلاف جیت کو پہلگام واقعے کے نام کر دیا تھا۔
پوسٹ میچ پریزنٹیشن میں سوریا کمار یادیو نے کرکٹ قوانین کی دھجیاں بکھیرتے ہوئےکہا کہ ’آج کی جیت کو پہلگام واقعے کے نام کرتا ہوں، پاکستان کے خلاف بھارتی آرمی کے لیے ہماری طرف سے تحفہ ہے‘۔
یاد رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) قوانین میں سیاست، مذہب اور رنگ و زبان کے معاملے پر کھلاڑیوں کا گفتگو کرنا ممنوع ہے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ کے چھٹے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔











لائیو ٹی وی