ٹیم کی توجہ ویمنز ون ڈے ورلڈکپ پر مرکوز ہے، فاطمہ ثنا
پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے کہا ہے کہ ٹیم کی توجہ ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ پر مرکوز ہے۔
واضح رہے کہ ویمنز ورلڈ کپ اس ماہ کے آخر میں بھارت اور سری لنکا میں ہائبرڈ ماڈل کے تحت منعقد ہوگا، جس میں پاکستان کے تمام میچ کولمبو میں کھیلے جائیں گے کیونکہ سیاسی کشیدگی کے باعث دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان سفر ممکن نہیں۔
پاکستان جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کا آغاز منگل سے لاہور میں کرے گا، جو نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور قذافی اسٹیڈیم میں تربیتی کیمپ کے اختتام کے بعد کھیلی جائے گی۔
سیریز سے قبل پریس کانفرنس میں فاطمہ ثنا کا کہنا تھا کہ ’خصوصی مقصد ورلڈ کپ کی تیاری کرنا ہے اور ہم اس سیریز میں اپنے منصوبوں پر عمل درآمد کریں گے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ایسی سیریز ورلڈ کپ سے پہلے ٹیم کے لیے بہت فائدہ مند ہوتی ہیں، یہ کھلاڑیوں کو موقع دیتی ہے کہ وہ حالیہ دنوں میں کی جانے والی تیاریوں کو عملی طور پر آزما سکیں۔
فاطمہ ثنا نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ پاکستان اپنی باؤلنگ پر انحصار کرتا ہے، لیکن اس بار گرین شرٹس کی توجہ بیٹنگ یونٹ سے زیادہ سپورٹ حاصل کرنے پر ہوگی، مزید کہنا تھا کہ ہم نے کیمپ میں بیٹنگ پر بہت زیادہ کام کیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق تینوں ون ڈے میچ قذافی اسٹیڈیم میں 16، 19 اور 22 ستمبر کو کھیلے جائیں گے اور تمام میچز کا آغاز سہ پہر 3:30 بجے ہوگا۔
پاکستان کی 15 رکنی اسکواڈ کی قیادت فاطمہ کریں گی، جبکہ مہمان ٹیم کی کپتانی کی ذمہ داری لورا وولوارٹ نبھائیں گی، سیریز کی تیاری کے لیے پاکستان نے لاہور میں دو ہفتے کا کیمپ لگایا جس میں پریکٹس سیشنز اور صورتحال پر مبنی میچز شامل تھے۔
اسکواڈ میں ایک نئی کھلاڑی ایمن فاطمہ بھی شامل ہیں، جنہوں نے اگست میں ڈبلن میں آئرلینڈ کے خلاف اپنا ٹی 20 انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا۔
پاکستان میں شائقین اے اسپورٹس پر میچز دیکھ سکیں گے جبکہ پاکستان ریجن کے ناظرین کے لیے تماشہ ایپ پر لائیو اسٹریمنگ دستیاب ہوگی۔
بین الاقوامی نشریات میں کرک بز اور اسپورٹینمنٹ (مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ)، سپر اسپورٹس (افریقہ)، اسپورٹس سینٹرل (پاکستان کے باہر دنیا بھر میں)، اور وِلو ٹی وی (شمالی امریکا) میچز دکھائیں گے۔

آنے والی یہ سیریز دونوں ٹیموں کے لیے ورلڈ کپ کی تیاری کو حتمی شکل دینے کا موقع فراہم کرے گی، جو 30 ستمبر سے 2 نومبر تک بھارت اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا، پاکستان اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گا۔
ہیڈ ٹو ہیڈ ریکارڈ میں، 28 ون ڈے میچوں میں جنوبی افریقہ کو پاکستان پر برتری حاصل رہی ہے، تاہم دونوں ٹیموں کے درمیان آخری مقابلے میں پاکستان نے 14 ستمبر 2023 کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 25-2022 کے میچ میں جنوبی افریقہ کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔












لائیو ٹی وی