فہد مصطفیٰ کے لیے فلم لکھنے سے انکار کیا، ناصر ادیب کا دعویٰ
ماضی کےمقبول فلم ساز ناصر ادیب نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے معروف اداکار و پروڈیوسر فہد مصطفیٰ کے لیے فلم لکھنے سے انکار کردیا تھا۔
ناصر ادیب ’مولا جٹ‘ سمیت دیگر ماضی کی مقبول فلموں کے ڈائلاگز لکھ چکے ہیں جب کہ اب بھی وہ فلموں کے لیے اسکرین پلے وغیرہ لکھتے رہے ہیں۔
حال ہی میں انہوں نے احمد بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے فلم انڈسٹری سمیت متعدد معاملات پر کھل کر بات کی اور اسی دوران انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے فہد مصطفیٰ کے لیے فلم کے ڈائلاگز لکھنے سے انکار کردیا تھا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ وہ کبھی بھی اسکرپٹ یا ڈائلاگز لکھنے پر کمپرومائز نہیں کریں گے اور انہوں نے آج تک ایسا ہی کیا۔
انہوں نے اسی بات پر مثال دی کہ کچھ عرصہ قبل انہیں ہدایت کار فجر نے فہد مصطفیٰ کے لیے فلم کے ڈائلاگز لکھنے کا کہا اور انہیں خطیر رقم کی پیش کش ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں ڈائلاگز لکھنے کے لیے ایڈوانس میں 5 لاکھ روپے دیے گئے جب کہ ہدایت کار اور فہد مصطفیٰ سے ملاقات کے لیے انہیں ٹکٹ بھی بھجوایا گیا اور انہوں نے فلم کی ٹیم سے ملاقات بھی کی۔
ناصر ادیب کا کہنا تھا کہ ہدایت کار فجر نے انہیں کہانی سنائی اور کہا کہ اس پر ڈائلاگز لکھ دیں، جس پر انہوں نے ان سے فہد مصطفیٰ سے ملاقات کروانے کا کہا۔
فلم ساز کے مطابق ان کی فرمائش پر فہد مصطفیٰ سے ان کی ملاقات کروائی گئی، جہاں انہوں نے اداکار کو بتایا کہ وہ ان کے ہدایت کار کی جانب سے بتائی گئی کہانی پر ڈائلاگز نہیں لکھیں گے، یہی کہانی وہ اپنے انداز میں لکھیں گے، جس پر فہد مصطفیٰ رضامند ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ دو دن بعد ہدایت کار نے انہیں میسیج کرکے کہا کہ جو آپ کہانی لکھ رہے ہیں، وہ ان کی بتائی ہوئی نہیں، اس لیے وہ ان کی بتائی ہوئی کہانی ہی لکھیں۔
ناصر ادیب کے مطابق انہوں نے فہد مصطفیٰ کے ہدایت کار سے بحث کی اور ان سے سوال کیا کہ وہ اپنی کہانی کے چند مضبوط اینگلز بتائیں لیکن ہدایت کار اینگلز بتانے میں ناکام رہے، تاہم اس باوجود وہ بضد رہے کہ ان کی بتائی گئی کہانی پر ہی ڈائلاگز لکھے جائیں۔
فلم ساز کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہدایت کار کی بات ماننے سے انکار کردیا اور ساتھ ہی انہیں تجویز بھی دی کہ وہ مذکورہ کہانی پر فلم نہ بنائیں تو اچھا ہے، وہ بری طرح فلاپ ہوگی اور یہ کہ وہ ایسی کمزور کہانی پر ڈائلاگز لکھ کر حرام نہیں کمانا چاہتے۔
اگرچہ ناصر ادیب نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے فہد مصطفیٰ کے لیے فلم کے ڈائلاگز لکھنے سے انکار کیا، تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا کہ انہوں نے اداکار کی کون سی فلم لکھنے سے انکار کیا؟











لائیو ٹی وی