دل کا کونہ خالی ہے، زندگی کا لطف خالی دل کے ساتھ ہی اٹھانا چاہتا ہوں، ارباز خان
ماضی کے مقبول اداکار ارباز خان کے نئے انٹرویو نے اہلیہ خوشبو خان کے ساتھ تعلقات پر نئے سوالات پیدا کردیے ہیں۔
ارباز خان نے حال ہی میں پروگرام ’زبردست وِد وصی شاہ‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے دل کے خالی ہونے کا ذکر کیا۔
پروگرام کے دوران جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا کوئی ایسا شخص ان کے دل میں ہے جو وہاں سے کبھی نہ نکلا ہو، تو ارباز خان نے بتایا کہ ان کا دل کا خانہ خالی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے زندگی گزرتی ہے، انسان ہر لمحے کچھ نہ کچھ سیکھتا ہے اور اب وہ اس دور سے نکل چکے ہیں۔
اداکار کے مطابق وہ دل کے خالی خانے کے ساتھ زندگی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں کیونکہ دل میں کسی کے ہونے کے ساتھ بہت ساری ذمہ داریاں اور نتائج بھی آتے ہیں جو بعض اوقات بوجھ بن جاتے ہیں۔
ارباز خان نے واضح کیا کہ ان کا دل کا خانہ اس وقت خالی ہے، لیکن یہ کسی کے لیے دعوتِ عام نہیں، وہ اس مرحلے سے گزر چکے ہیں اور اپنی زندگی کا لطف خالی دل کے ساتھ ہی اٹھانا چاہتے ہیں۔
چند دن قبل ایک انٹرویو میں ان کی اہلیہ اور مقبول فلمی ہیروئن خوشبو خان نے کہا تھا کہ ارباز خان ان کے لیے سب کچھ تھے، لیکن جب انہیں مشکل وقت میں ان کی ضرورت تھی تو وہ ان کے ساتھ نہیں تھے۔
خوشبو خان کے مطابق ان کے اور ارباز خان کے درمیان کوئی جھگڑا یا لڑائی نہیں ہوئی، وہ بنا کچھ کہے چلے گئے اور واپس نہیں آئے، انہیں گئے ہوئے پانچ سال ہوچکے ہیں لیکن آج بھی ان کی یادیں ان کے ساتھ ہیں۔
خیال رہے کہ خوشبو اور ارباز خان نے 2000 میں شادی کی تھی اور ان کے دو بیٹے ہیں۔
طویل عرصے سے ان کے تعلقات میں کشیدگی اور علیحدگی کی خبریں گردش کرتی رہی ہیں۔
اگرچہ خوشبو خان نے انٹرویو میں تعلقات میں خرابی پر بات کی لیکن انہوں نے طلاق کی تصدیق نہیں کی اور اب ارباز خان نے بھی دل کے خالی خانہ کی طرف اشارہ کیا لیکن اہلیہ کے ساتھ اپنی طلاق پر کوئی واضح بیان نہیں دیا۔











لائیو ٹی وی