ایک دہائی بعد انور مقصود کا تھیٹر ڈراما ’سیاچن‘ نئے انداز میں دوبارہ پیش
معروف ڈراما ساز انور مقصود کے مشہور تھیٹر ڈرامے ’سیاچن‘ کو تقریبا ایک دہائی بعد نئے انداز میں دوبارہ کراچی آرٹس کونسل میں پیش کردیا گیا۔
’سیاچن‘ کی ہدایت کاری داور محمود نے دی ہے، اسے وجیہ وسیم نے پروڈیوس کیا ہے جب کہ اسے کاپی کیٹس پروڈکشن کے بینر تلے پیش کیا گیا ہے۔
ڈان امیجز کی رپورٹ کے مطابق ’سیاچن‘ کو کراچی آرٹس کونسل آف پاکستان میں 30 ستمبر 2025 تک پیش کیا جائے گا، اگرچہ ڈرامے کی زیادہ تر کہانی پرانی ہے لیکن اس میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مئی 2025 میں لگنے والی جنگ کے تناظر میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
مذکورہ تھیٹر ڈراما سیاچن گلیشیئر پر تعینات فوجیوں کی زندگیوں پر روشنی ڈالتا ہے، جہاں وہ سخت سردی اور مشکل حالات میں اپنی ڈیوٹی نبھاتے ہیں۔
اس بار مئی 2025 میں پاک-بھارت کے درمیان ہونے والی کشیدگی کے بعد مذکورہ ڈرامے کو نئے مواد اور انداز میں پیش کیا گیا ہے، اس میں سرحدوں کی بے فائدگی اور امن کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔
’سیاچن‘ میں چار مختلف کہانیوں کے ذریعے فوجیوں کی ذاتی زندگیوں کو دکھایا گیا ہے، ایک ماں اور بیٹے، شوہر اور بیوی، بھائی اور بہن، اور ایک عاشق جوڑے کی کہانی کو دکھایا گیا ہے۔
یہ کہانیاں فوجیوں کے خاندانوں سے دوری، گھر کی یاد، اور تہواروں جیسے عید اور شادیوں سے محرومی کے جذباتی بوجھ کو اجاگر کرتی ہیں۔
انور مقصود نے اپنے مخصوص طنزیہ انداز میں فوج، سیاست، کرکٹ بورڈز، اور تاریخی شخصیات پر ہلکا پھلکا طنز بھی کیا ہے جو ناظرین کو ہنساتا بھی ہے اور سوچنے پر مجبور بھی کرتا ہے۔
’سیاچن‘ پیغام دیتا ہے کہ سرحدیں انسانوں نے بنائی ہیں لیکن ثقافت اور جذبات دونوں ممالک کے لوگوں کو جوڑتے ہیں۔
فلموں، گانوں اور ڈراموں کے حوالوں سے دکھایا گیا ہے کہ دونوں طرف کے لوگ ایک دوسرے سے مختلف نہیں۔
’سیاچن‘ کا ایک منظر جس میں ایک بھارتی بہاری فوجی جو غلطی سے پاکستانی علاقے میں آ جاتا ہے بہت متاثر کن ہے، اس کی اداکاری، لہجہ اور انداز اسے حقیقت سے قریب کرتا ہے، جو سرحدوں کے درمیان پھنسے لوگوں کی کہانی کو بیان کرتا ہے۔
ڈرامے کا سیٹ ڈیزائن شاندار ہے جو سیاچن کے برفیلے اور کٹھن ماحول کو زندہ کرتا ہے۔
اداکاروں کی پرفارمنس، خاص طور پر پشتو لہجے میں درست تلفظ اور کرداروں کی گہرائی، ڈرامے کو اور بھی اثر انگیز بناتی ہے۔
خیال رہے کہ ابتدائی طور پر ’سیاچن‘ تھیٹر ڈرامے کو 2016 میں پیش کیا گیا تھا اور اب ایک دہائی بعد اسے نئے انداز میں پیش کیا گیا ہے۔











لائیو ٹی وی