• KHI: Partly Cloudy 28.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.2°C
  • ISB: Cloudy 20°C
  • KHI: Partly Cloudy 28.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.2°C
  • ISB: Cloudy 20°C

سلمان خان کے لیے برنس روڈ کی بریانی اور حلیم لے جاتا تھا، کاشف خان

شائع September 29, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

سینئر اداکار و کامیڈین کاشف خان نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں وہ بھارتی شہر ممبئی ایسے آتے جاتے تھے، جیسے اب کراچی کے دوسرے علاقوں کے لوگ ناظم آباد آتے جاتے ہیں جب کہ وہ برنس روڈ سے سلمان خان کے لیے بریانی اور حلیم لے جایا کرتے تھے۔

کاشف خان نے حال ہی میں ’اے آر وائے پوڈکاسٹ‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

پروگرام کے دوران بات کرتے ہوئے کاشف خان نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل جب ان کی بیٹی ٹک ٹاکر ربیکا خان نے بتایا کہ سلمان خان اور شاہ رخ خان ان کے والد کے فین تھے تو لوگوں نے ان کی بات کا مذاق اڑایا۔

ان کا کہنا تھا کہ نئی نسل کے لوگوں کا پتا نہیں لیکن حقیقت یہی ہے کہ ماضی میں وہ بھارتی اداکاروں اور بھارتی اداکار ان کے مداح ہوا کرتے تھے۔

ان کے مطابق انہوں نے بھارت میں اتنا کام کیا ہے، اتنا آج کل کے کسی بھی پاکستانی فنکار نے نہیں کیا لیکن ان کے کام کے وقت سوشل میڈیا نہیں تھا، اس لیے لوگوں کو علم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2013 سے قبل بھارت میں کام کرنے والے پاکستانی اداکاروں کا کام سوشل میڈیا پر کم ہے۔

کاشف خان کے مطابق وہ بھارت میں کام کرنے کے وقت اپنے اہل خانہ کو بھی ساتھ لے جاتے تھے اور جب وہ اپنے خاندان والوں کو لے جاتے تھے تو وہاں کے بڑے اسٹارز ان کی فیملی سے ملنا اور انہیں دیکھنا چاہتے تھے، اسی وجہ سے ہی شاہ رخ اور سلمان خان سے ان کے بچوں کی ملاقات بھی ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ شاہ رخ اور سلمان خان جیسے اداکار ان کی بیوی اور بچوں سے مل کر ان کے خاندان والوں سے متعلق جاننا چاہتے تھے کہ وہ کس طرح ہیں اور ان کی خاندانی زندگی کیسی ہے؟

اداکار کا کہنا تھا کہ وہ ماضی میں تواتر سے بھارت آتے جاتے تھے، اس وقت دونوں ممالک کے حالات انتہائی اچھے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ ماضی میں وہ ایسے ممبئی آتے جاتے تھے، جیسے کراچی کے کسی دوسرے علاقے کے لوگ ناظم آباد آتے جاتے ہیں۔

کاشف خان کے مطابق سلمان خان کو کراچی کی بریانی پسند تھی، اس لیے وہ ان کے لیے برنس روڈ سے بریانی اور حلیم بھی لے گئے تھے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ ربیکا خان کی شادی پر سلمان خان اور شاہ رخ خان نے فون نہیں کیا، اب وہ فون کر بھی نہیں سکتے اور فون نہ کریں تو اچھا ہے، ان کے لیے مشکلات پیدا ہوں گی۔

اداکار کا کہنا تھا کہ اب اگر کوئی بھارتی اداکار پاکستان والوں کو فون کرے تو اس کے لیے مصیبت ہوجاتی ہے، اس لیے ان کی بھی خواہش ہوتی ہے کہ کوئی انہیں فون نہ کرے۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2025
کارٹون : 18 دسمبر 2025