دہلی: ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس چیمپئن شپ، آوارہ کتوں نے 2 غیر ملکی کوچز کو کاٹ لیا
دہلی میں ہونے والی ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس چیمپئن شپ بھارتی حکام کے لیے جگ ہنسائی کا سبب بننے لگی، عالمی مقابلوں کے دوران آوارہ کتوں نے 2 غیر ملکی کوچز کو کاٹ لیا، اہم ایونٹ کے دوران افسوس ناک واقعات نے بھارت کے کامن ویلتھ گیمز 2030 اور اولمپکس 2036 کی میزبانی کے لیے بولی لگانے کے اقدامات پر بھی سوالات کھڑے کر دیے۔
بھارتی نشریاتی ادارے ’انڈین ایکسپریس‘ کی رپورٹ کے مطابق دہلی کے جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم میں کینیا کے اسپرنٹ کوچ ڈینس موانزو اور جاپان کے اسسٹنٹ کوچ میئیکو اوکوماتسو کو 3 اکتوبر کی صبح وارم اپ ٹریک پر آوارہ کتوں نے کاٹا، کینیا ٹیم کے ڈاکٹر مائیکل اوکارو نے کہا یہ واقعات ہمارے لیے انتہائی پریشان کن ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ واقعہ صبح تقریبا ساڑھے 9 بجے پیش آیا، جس کے فوری بعد ڈینس موانزو کو مقامی ہسپتال لے جایا گیا جہاں انہیں ریبیز کا ٹیکہ لگایا گیا ہے، ورلڈ چیمپئن شپ میں ایسے واقعات کا ہونا پریشانی کا باعث بن رہا ہے۔
ڈاکٹر مائیکل اوکارو کے مطابق ڈینس موانزو صبح کے سیشن میں 200 میٹر دوڑ کے ایتھلیٹ اسٹیسی اوبونیؤ کی ٹریننگ کے دوران اسٹارٹنگ بلاکس درست کر رہے تھے کہ اچانک ایک آوارہ کتے نے انہیں دائیں پنڈلی پر کاٹ لیا۔
ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2025 کی آرگنائزنگ کمیٹی نے ایک بیان میں دونوں واقعات کا الزام اُن افراد پر ڈالا ہے جو اسٹیڈیم کے قریب آوارہ کتوں کو بار بار کھانا کھلاتے ہیں۔
جاپانی ٹیم کی اسسٹنٹ کوچ میئیکو اوکوماتسو، جو ذہنی طور پر معذور ایتھلیٹس کے ساتھ کام کرتی ہیں، کو بھی صبح کے وقت ٹریننگ کے دوران آوارہ کتے نےکاٹا، اوکوماتسو نے بتایا کہ مجھے صبح کتے نے کاٹا لیکن شکر ہے کہ میڈیکل ٹیم نے فورا علاج کردیا۔
بھارتی پریس انفارمیشن بیورو کی جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق دہلی میں سال 2024 کے دوران کتے کے کاٹنے کے 25 ہزار 210 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ سال 2023 میں 17 ہزار 874 واقعات سامنے آئے تھے، صرف جنوری 2025 میں ہی تقریبا 3 ہزار 200 کیسز سامنے رپورٹ ہوئے، دہلی میں تقریبا 8 لاکھ آوارہ کتے موجود ہیں۔
واضح ہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے اگست میں دارالحکومت میں آوارہ کتوں کی آبادی سے متعلق 2 الگ الگ احکامات جاری کیے تھے، سپریم کورٹ نے 11 اگست کو دارالحکومت میں کتے کے کاٹنے کے بڑھتے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے حکم دیا تھا کہ تمام آوارہ کتوں کو سڑکوں سے ہٹا کر مخصوص شیلٹرز میں منتقل کیا جائے اور انہیں دوبارہ سڑکوں پر نہ چھوڑا جائے۔
تاہم، مختلف حلقوں کے احتجاج کے بعد، سپریم کورٹ نے دو ہفتے سے بھی کم وقت میں اپنے حکم کو ’انتہائی سخت‘ قرار دیتے ہوئے ہدایت دی تھی کہ کتوں کو ویکسینیشن کے بعد دوبارہ اسی علاقے میں چھوڑا جائے جہاں سے انہیں پکڑا گیا تھا۔
پلس اسپورٹ نے ڈینس موانزو کے حوالے سے لکھا کہ پہلے مجھے لگا کہ کسی نے مجھے پکڑ لیا ہے، لیکن جب میں نے مڑ کر دیکھا تو ایک کتا وہاں موجود تھا، میں نے خود کو چھڑانے کے لیے اُسے مارا، مجھے ہسپتال میں علاج فراہم کیا گیا، ہمیں نہیں معلوم کہ کتے کو ویکسین لگی تھی یا نہیں۔
چیمپئن شپ کی آرگنائزنگ کمیٹی نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن آف دہلی (ایم سی ڈی) نے پہلے ہی اسٹیڈیم کو آوارہ کتوں سے صاف کر دیا تھا۔
بیان کے مطابق 21 اگست 2025 کو ایم سی ڈی سے جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم کو آوارہ کتوں سے محفوظ بنانے کی باضابطہ درخواست کی گئی تھی، ایم سی ڈی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایونٹ کے آغاز سے پہلے ہی اسٹیڈیم کو کلیئر کردیا تھا اور پہلے دن سے کتا پکڑنے والی گاڑیاں اسٹیڈیم میں موجود تھیں تاکہ فوری کارروائی کی جا سکے۔
تاہم بار بار کتوں کو کھانا کھلانے والوں کی وجہ سے جانور دوبارہ اندر داخل ہونے میں کامیاب ہوئے، بدقسمتی سے 3 اکتوبر 2025 کو وارم اپ ٹریک پر 2 الگ الگ واقعات پیش آئے جن میں جاپان اور کینیا کے کوچز کو کتے نے کاٹا۔
مزید کہا گیا کہ کوچ میس میئیکو اوکوماتسو (این پی سی جاپان) اور کوچ مسٹر ڈینس (این پی سی کینیا) ٹریننگ کی نگرانی کرتے ہوئے زخمی ہوئے، دونوں کو فورا میڈیکل ٹیم نے ابتدائی طبی امداد دی، ایتھلیٹ میڈیکل روم میں ایمرجنسی کیئر فراہم کیا گیا اور بعد میں صفدرجنگ ہسپتال کے اینٹی ریبیز کلینک میں ویکسین اور علاج فراہم کیا گیا۔











لائیو ٹی وی