کامیاب شادی کیلئے دونوں فریقین کو جھکنا پڑتا ہے، لڑکیاں ہر بات والدین سے شیئر نہ کریں، آمنہ ملک
اداکارہ و ٹی وی میزبان آمنہ ملک نے کہا ہے کہ شادی شدہ زندگی کو کامیاب بنانے کے لیے شوہر اور بیوی دونوں کو ایک دوسرے کے لیے جھکنا پڑتا ہے، جب کہ لڑکیوں کو ہر بات والدین سے شیئر نہیں کرنی چاہیے۔
آمنہ ملک نے حال ہی میں ’فوشیا میگزین‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں شادی، رشتوں اور بیٹیوں کے کردار سے متعلق کھل کر گفتگو کی۔
آمنہ ملک کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد لڑکا اور لڑکی دونوں کو سمجھوتا کرنا پڑتا ہے، لڑکی کو بھی ہر بات پر فوری ردِعمل نہیں دینا چاہیے، بلکہ شادی شدہ زندگی کو کامیاب بنانے کے لیے دونوں فریقین کو جھکنا پڑتا ہے۔
انہوں نے مشورہ دیا کہ اگر کسی خاتون کو شوہر کی کسی بات پر اعتراض ہو تو پہلے شوہر سے بات کرنی چاہیے اور اگر بات حل نہ ہو تو پھر والدین کو معاملے میں شامل کرنا چاہیے تاکہ وہ اپنی بیٹی کے لیے سسرال میں آواز اٹھا سکیں، لیکن ہر چھوٹی بات والدین سے شیئر کرنا بھی درست نہیں۔
آمنہ ملک نے کم عمری کی شادیوں کے خلاف بات کرتے ہوئے کہا کہ والدین یہ سوچ کر بیٹیوں کی جلدی شادی کر دیتے ہیں کہ وہ آسانی سے ایڈجسٹ کر لیں گی، لیکن حقیقت میں کم عمری میں لڑکی کو زندگی کے کئی معاملات کی سمجھ نہیں ہوتی۔
اداکارہ نے اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے بتایا کہ ان کی دو بیٹیاں ہیں، جب کہ ان کے والد کی بھی چار بیٹیاں تھیں، انہیں کبھی نہیں لگا کہ بیٹیاں والدین کا سہارا نہیں بن سکتیں، بلکہ ان کے خیال میں بیٹیاں والدین کے لیے زیادہ بہتر سہارا ثابت ہوتی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے والد کی طبیعت اس وقت زیادہ بہتر نہیں رہتی اور وہ زیادہ تر بستر پر ہوتے ہیں، ایسے میں ان کی خدمت وہ اور ان کی بہنیں ہی کرتی ہیں۔
آمنہ ملک نے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ اگر ان کا کوئی بھائی ہوتا تو شاید وہ والد کی اس طرح خدمت اور خیال نہ رکھ پاتا، جس طرح وہ اور ان کی بہنیں رکھتی ہیں۔











لائیو ٹی وی