بیٹے کی خواہش ہر انسان کے دل میں ہوتی ہے، لیکن بیٹا ہوتا تو اتنے لاڈ پیار سے کبھی نہ پالتا، منیب بٹ
اداکار منیب بٹ نے انکشاف کیا ہے کہ اگرچہ بیٹے کی خواہش ہر انسان کے دل میں ہوتی ہے، لیکن انہیں اس بات کا کوئی افسوس نہیں کہ ان کا بیٹا نہیں ہے۔
منیب بٹ نے حال ہی میں زارا نور عباس کے یوٹیوب پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ بیٹے کی خواہش ہر انسان کے دل میں ہوتی ہے، لیکن انہیں اس بات کا کوئی غم نہیں کہ ان کا بیٹا نہیں ہے، کیونکہ ان کی بیٹیاں ہی ان کے لیے خوشیوں اور کامیابیوں کا باعث ہیں۔
منیب بٹ نے کہا کہ آج کا زمانہ پرانے وقتوں سے بہت مختلف ہے، اب خواتین کو حقوق حاصل ہیں اور وہ مردوں کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہیں۔
انہوں نے اپنی اہلیہ ایمن خان اور ان کی بہن منال خان کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ دونوں نے کم عمری میں اپنے گھر کو جس طرح سنبھالا، وہ قابلِ تعریف ہے۔
اداکار نے بچوں کی تربیت سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ بیٹیوں کے ساتھ سختی نہیں برتتے بلکہ انہیں لاڈ پیار دیتے ہیں، تاہم اگر بیٹا ہوتا تو اس کی تربیت میں زیادہ سختی کرتے تاکہ وہ مضبوط بن سکے۔
ان کے مطابق مردوں میں خواتین کے مقابلے زیادہ جسمانی طاقت ہوتی ہے، اس لیے وہ اپنے بیٹے کو یہ سکھاتے کہ زندگی کی تکلیفوں کا سامنا حوصلے سے کرنا چاہیے۔
منیب بٹ نے مزید کہا کہ جیسے وہ خود ہمیشہ کرتے ہیں، گھر سے باہر کے مسائل یا پریشانیوں کا اثر اپنے اہلِ خانہ پر ظاہر نہیں ہونے دیتے اور جب گھر لوٹتے ہیں تو ان کے چہرے پر کوئی فکر یا دکھ نمایاں نہیں ہوتا۔
واضح رہے کہ منیب بٹ اور ایمن خان نے 2018 میں شادی کی تھی اور اس سے ان کی تین بیٹیاں ہیں۔











لائیو ٹی وی