تھائی لینڈ جا رہا تھا، ایئرپورٹ پر مشکوک سمجھ کر آفیسر نے روک لیا، شاہ زیب خانزادہ
ٹی وی میزبان و صحافی شاہ زیب خانزادہ نے بتایا کہ آج سے تقریباً 13 یا 14 سال قبل جب وہ تھائی لینڈ جا رہے تھے تو اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا تھا۔
شاہ زیب خانزادہ نے حال ہی میں مزاحیہ پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران پیش آنے والے چند دلچسپ اور یادگار تجربات کے بارے میں گفتگو کی۔
انہوں نے بتایا کہ جتنے بھی صحافی سیاسی ٹاک شوز کرتے ہیں، شاید سب کو دھمکی آمیز کالز آتی ہوں گی اور وہ واحد نہیں ہیں جسے کالز موصول ہوتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا جب انہیں دھمکی آمیز کالز بہت آتی تھیں تو وہ فوری طور پر اپنے پروگرام کی منیجمنٹ کو ای میل کے ذریعے مطلع کر دیتے تھے اور جس سیاسی پارٹی کا لیڈر دھمکی دیتا تھا، اس کے نمائندے کو بھی اطلاع دے دیتے تھے، تاہم انہوں نے یہ کبھی عوام کے سامنے نہیں بتایا تاکہ کوئی غیر ضروری مسئلہ پیدا نہ ہو۔
شاہ زیب خانزادہ نے بتایا کہ تقریباً 13 یا 14 سال قبل جب وہ تھائی لینڈ گھومنے کے لیے جارہے تھے تو اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا تھا، اُس وقت وہ اتنے زیادہ مشہور نہیں تھے، لیکن لوگوں میں ان کی کچھ پہچان بن چکی تھی، ایئرپورٹ پر موجود ایک آفیسر نے ان کی شکل پہچان لی اور انہیں مشکوک سمجھ کر روک لیا۔
ان کے مطابق آفیسر نے پوچھا کہ کہاں جا رہے ہو تم؟ تم تو بہت زیادہ سفر کرتے ہو، اس پر شاہ زیب خانزادہ نے وضاحت کی کہ وہ بہت وقت کے بعد کہیں جا رہے ہیں، آفیسر نے ان کا پاسپورٹ چیک کیا جس پر کوئی اسٹیمپ نہیں لگی تھی، پھر بھی وہ بضد رہے اور کہنے لگے، کہ تم بہت سفر کرتے ہو۔
شاہ زیب خانزادہ نے بتایا کہ آفیسر نے ان کے تمام سامان کی تلاشی لی، حتیٰ کہ ان کی ذاتی تلاشی بھی لی گئی، اس دوران وہ آفیسر کو بتا نہیں سکے کہ وہ ٹی وی پر آتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسی دوران ان کے پیچھے لوگوں کی لائن لگ گئی تھی اور اسی لائن میں موجود ایک شخص نے آواز دے کر کہا کہ اوہ بھئی جانے دو، یہ تو ٹی وی پر آتا ہے! تب جاکر آفیسر کو یاد آیا کہ اس نے انہیں کہاں دیکھا تھا۔











لائیو ٹی وی