بیوی سے ضد میں ڈراما لکھا، شاہزیب خانزادہ کا انکشاف
معروف ٹی وی میزبان اور ڈراما لکھاری شاہزیب خانزادہ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنی اہلیہ اداکارہ رشنا خان سے ضد میں آکر ڈراما لکھا اور سب سے پہلے انہوں نے بیوی، والدہ اور بہنوں کو ہی ڈرامے کی کہانی پڑھائی۔
شاہزیب خانزادہ نے حال ہی میں ’ہسنا منع ہے‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر بات کرنے سمیت ڈراما لکھنے کے تجربے پر بھی بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ ان کا آبائی تعلق سندھ کے چھوٹے سے قصبے سے ہے اور وہ وہاں کے سرکاری اسکول میں پڑھے، خوش قسمتی سے یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے کراچی آئے، جس کے بعد انہوں نے میڈیا میں کام کا آغاز کیا۔
ان کے مطابق ان کے خاندان کا تعلق متوسط طبقے سے ہے، وہ 6 بہن اور بھائی ہیں، جس میں سے چار بہنیں ہیں، باقی تمام بہن اور بھائی تعلیم میں ان سے زیادہ ہوشیار تھے لیکن ہمیشہ وہی اچھے نمبرز سے پاس ہوتے تھے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ معروف میزبان کامران خان کی جگہ ’جیو نیوز‘ پر پروگرام کرنا ان کا خواب تھا، ان سمیت دیگر کئی اینکرز بھی یہی خواب دیکھتے تھے، جب انہیں پیش کش ہوئی تو انہوں نے کچھ سوچے بغیر ہی پروگرام جوائن کرلیا۔
شاہزیب خانزادہ کا کہنا تھا کہ 2014 میں جیو نیوز پر پابندیاں تھیں، چینل بند رہتا تھا لیکن پھر آہستہ آہستہ معاملات بہتر ہوئے، لوگ ان کا نام، ان کی آواز، میوزک اور پروگرام دیکھنے لگے، ان کا خواب پورا ہوا۔
اپنے پہلے ڈرامے ’کیس نمبر 9‘ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ڈرامے کی کہانی حقیقی نہیں ہے لیکن اس طرح کے واقعات پورے ملک میں آئے روز ہوتے رہتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں احساس تھا کہ سماج میں لوگوں کے ذہنوں میں تبدیلی لانے کے لیے ڈرامے کا کردار اہم ہوتا ہے، اس لیے بھی انہوں نے ڈراما لکھا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے اہلیہ اداکارہ رشنا خان سے ضد میں آکر ڈراما لکھا اور اب ان کی اہلیہ بھی ڈرامے کا حصہ ہیں۔
ان کے مطابق ایک دن انہوں نے اہلیہ کے کسی ڈرامے کا اسکرپٹ پڑھا اور کہا کہ وہ بھی اس طرح لکھ سکتے ہیں، جس پر ان کی اہلیہ نےانہیں کہا کہ وہ نہیں لکھ سکتے۔
شاہزیب خانزادہ نے بتایا کہ ان ہی دنوں وہ زخمی بھی ہوگئے تھے اور پھر بیوی کی ضد میں آکر انہوں نے ڈراما لکھ ڈالا، جس پر ان کی اہلیہ بھی حیران رہ گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ڈرامے کی کہانی کو خواتین کے لیے بہتر سے بہتر بنانے کے لیے ڈرامے کا اسکرپٹ اہلیہ، بہنوں اور والدہ کو پڑھنے کے لیے دیا اور ان سے تجاویز مانگیں جب کہ انہوں نے دیگر متعدد خواتین سے بھی مشورے اور تجاویز مانگیں۔
ان کے مطابق درجنوں خواتین سے ملنے کے بعد جب انہوں نے ڈرامے بنانے کے لیے لوگوں سے ملنا شروع کیا تو انہیں جیو نیوز چھوڑ کر دوسرے چینل میں آنے کی پیش کش بھی ہوئی لیکن ان کا مقصد صرف ڈراما بنوانا تھا۔
شاہزیب خانزادہ نے بتایا کہ انہوں نے جیو نیٹ ورک کے مالک میر ابراہیم سے ملاقات کی، جس کے بعد وہ ڈراما بنانے کے لیے رضامند ہوئے اور ان کی سوچ کے مطابق بڑے اسکیل پر ڈراما بنایا گیا، تمام کاسٹ نے بہت محنت کی اور ہر کسی نے ڈرامے کو مقصد سمجھ کر اس میں کام کیا۔
ٹی وی میزبان نے ڈرامے کی تمام کاسٹ کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بیوی رشنا خان بھی ڈرامے میں اچھا کام کر رہی ہیں۔
’کیس نمبر 9‘ کو جیو ٹی وی پر نشر کیا جا رہا ہے، اس کی کہانی ریپ کی شکار لڑکی اور اس کی جانب سے انصاف کی جنگ لڑنے کے گرد گھومتی ہے۔
ریپ کی شکار لڑکی کا کردار صبا قمر نے ادا کیا ہے جب کہ اس کا ریپ کرنے والے کا کردار فیصل قریشی نے ادا کیا ہے، شاہزیب خانزدہ کی بیوی رشنا خان نے ڈرامے میں فیصل قریشی کی اہلیہ کا روپ دھارا ہے۔











لائیو ٹی وی