• KHI: Partly Cloudy 29.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 26.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 23.9°C
  • KHI: Partly Cloudy 29.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 26.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 23.9°C

بنگلہ دیش: گارمنٹ فیکٹری میں آتشزدگی، 16 افراد جاں بحق

شائع October 14, 2025
— فوٹو: رائٹرز
— فوٹو: رائٹرز

بنگلہ دیش میں ایک گارمنٹ فیکٹری اور اس سے متصل کیمیکل گودام میں آگ لگنے سے کم از کم 16 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن جاری ہے جبکہ اموات کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ڈائریکٹر فائر سروس تاج الاسلام چوہدری نے بتایا کہ گارمنٹ فیکٹری کی دوسری اور تیسری منزل سے 16 لاشیں برآمد کی گئی ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ریسکیو آپریشن جاری ہے، اموات کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔

فائر ڈپارٹمنٹ کے ایک اور عہدیدار طلحہ بن جشیم کے مطابق دارالحکومت ڈھاکا کے علاقے میرپور میں 7 منزلہ فیکٹری کی تیسری منزل پر دوپہر کے وقت آگ بھڑکی، جو بعد میں اس کے ساتھ موجود کیمیکل گودام تک پھیل گئی، جہاں بلیچنگ پاؤڈر، پلاسٹک اور ہائیڈروجن پرآکسائیڈ ذخیرہ کیا گیا تھا۔

تاج الاسلام چوہدری نے بتایا کہ فیکٹری مالکان کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی، پولیس اور فوج ان کی تلاش میں ہیں۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا کیمیکل گودام کو کام کرنے کا لائسنس حاصل تھا تو انہوں نے کہا کہ ہمیں ابھی لائسنس کے بارے میں علم نہیں، تاہم جتنی اطلاعات ملی ہیں، اس کے مطابق یہ غیر قانونی ہے، تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی تصدیق کی جا سکے گی۔

بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات کی جائیں اور متاثرین اور ان کے اہلِ خانہ کو تمام ضروری امداد فراہم کی جائے۔

بنگلہ دیش میں آگ بجھانے اور عمارتوں کی حفاظتی معیارات کی وجہ سے ہر سال درجنوں ایسے سانحات پیش آتے ہیں، ماضی کے حادثات نے ملک کی ٹیکسٹائل صنعت کی ساکھ کو متاثر کیا ہے، جو 40 لاکھ افراد کو روزگار فراہم کرتی ہے اور ملک کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کا 10 فیصد حصہ بنتا ہے۔

واضح رہے کہ 2013 میں رانا پلازہ کی عمارتاچانک منہدم ہونے سے ایک ہزار 100 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے، جس میں کئی گارمنٹ فیکٹریاں تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 26 مارچ 2026
کارٹون : 25 مارچ 2026