• KHI: Clear 26.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 17.6°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.2°C
  • KHI: Clear 26.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 17.6°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.2°C

خواتین سے دور رہنے اور خواجہ سرا کا کردار ادا نہ کرنے کی شرط پر اداکاری کی اجازت ملی، عجب گل

شائع October 15, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ماضی کے مقبول اور رومانوی ہیرو عجب گل نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں شوبز کی خواتین سے دور رہنے اور کبھی خواجہ سرا کا کردار ادا نہ کرنے کی شرط پر خاندان کی جانب سے اداکاری کی اجازت ملی۔

عجب گل نے حال ہی میں مزاحیہ شو ’مذاق رات‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔

پروگرام کے دوران بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انہوں نے 1985 میں پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پشاور سے کیریئر کے آغاز کیا۔

ان کے مطابق انہیں لکھاری بننے کا شوق تھا اور وہ پی ٹی وی پر اپنا اسکرپٹ لے کر گئے تھے لیکن وہاں کسی پروڈیوسر نے انہیں اسکرپٹ کے بجائے اداکاری کرنے کی پیش کش کردی اور پھر وہ نہ چاہنے کے باوجود اداکار بن گئے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی میں کام کرتے کرتے انہیں 15 سال ہوگئے اور 2000 میں وہ بطور لکھاری سامنے آئے، تب تک وہ اداکاری کرتے دہے۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے نہ صرف پی ٹی وی بلکہ فلموں اور اسٹیج میں بھی کام کیا اور انہیں ہر جگہ شہرت اور عزت ملی لیکن 1994 میں انڈسٹری کے کچھ لوگوں نے انہیں نظر انداز کرنا شروع کردیا، ان کی شہرت سے جل کر انہیں کام دینا بند کردیا گیا۔

عجب گل کے مطابق جب پوری انڈسٹری نے ان سے منہ موڑا تب افضال احمد نے ان کا ساتھ دیا اور انہوں نے سب کو بتایا کہ ابھی عجب گل کا وقت ختم نہیں ہوا اور پھر وہ کئی سال تک دوبارہ کام کرتے رہے۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں فلم، ٹی وی اور تھیٹر میں خوب عزت اور شہرت ملی، انہیں زیادہ مشکلات دیکھنی نہیں پڑیں لیکن ان کا پہلا شوق لکھاری بننا تھا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ لوگوں نے ان سے متعلق اسکینڈلز بنانے کی خوب کوشش کی لیکن وہ ہمیشہ اسکینڈلز اور افیئرز سے بچتے رہے اور اس میں کامیاب بھی رہے۔

اداکار کے مطابق انہوں نے اداکاری کے وقت ہی فیصلہ کرلیا تھا کہ وہ صرف اپنے کیریئر بنانے پر توجہ دیں گے، انہیں کیریئر بنانے کا موقع پھر کبھی نہیں ملے گا، اس لیے وہ فوکسڈ ہوکر کام کرتے رہے۔

عجب گل نے ایک اور سوال کے جواب میں بتایا کہ ان کا تعلق قبائلی پختون خاندان سے ہے، اس لیے انہیں سخت شرائط کے ساتھ شوبز میں کام کرنے کی اجازت ملی اور انہوں نے شرائط کو پورا بھی کیا۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ انہیں شوبز میں آنے سے قبل کہا گیا تھا کہ وہ کبھی کسی خاتون سے تعلقات استوار نہیں کریں گے، وہ محبت نہیں کریں گے اور یہ کہ وہ کبھی بھی خواجہ سرا کا کردار ادا نہیں کریں گے۔

ان کے مطابق انہیں پی ٹی وی کے مقبول ترین ڈراموں میں شمار ہونے والے ڈرامے ’جنجال پورہ‘ میں خواجہ سرا کے کردار کی پیش کش بھی ہوئی تھی لیکن انہوں نے اپنی شرائط کو نظر میں رکھتے ہوئے کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2025
کارٹون : 17 دسمبر 2025