کیوی کا پھل قبض سے نجات دلانے میں مددگار
ایک تازہ تحقیق سے معلوم ہو اہے کہ روزانہ چند کیوی پھل کھانا قبض دور کرنے کے لیے مددگار ہوتے ہیں، اس پھل کا متواتر اور یومہ استعمال دائمی قبض سے نجات دلانے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق کیوی پھیل فائبر سمیت دیگر غذائیتوں سے بھرپور ہوتا ہے جو نظام ہاضمہ کے لیے فائدہ مند ہوتے ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ کے مطابق کنگز کالج لندن کے ماہرین نے دستیاب شواہد اور تحقیقات کے جائزے کے بعد نئی غذائی رہنمائی تیار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کیوی کے پھل قبض کا مسئلہ حل کرنے میں مددگار ہوتے ہیں۔
تحقیق کی سربراہ ڈاکٹر ایرینی دمیدی کے مطابق قبض کی 30 مختلف علامات ہو سکتی ہیں، انہوں نے مشورہ دیا کہ پروبائیوٹکس یا فائبر سے بھرپور غذا پر توجہ دینے کے بجائے پھلوں اور مشروبات کا استعمال بڑھایا جائے۔
ماہرین کی جانب سے تیار کردہ نئی تجاویز کے مطابق کچھ پروبائیوٹکس قبض کی علامات بہتر کر سکتے ہیں لیکن ان کے اثرات پر مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
ماہرین کے مطابق ڈاکٹروں کے لیے پرانی فوڈ تجاویز محدود اور پرانی تھیں، جو صرف فائبر اور پانی بڑھانے پر زور دیتی تھیں۔ نئی رہنمائی 75 کلینکل ٹرائلز پر مبنی ہے، جس کے بعد ہی ماہرین نے اسے تیار کیا۔
رہنمائی تیار کرنے والے ماہرین میں شامل کنگز کالج لندن کے پروفیسر کیون ویلن کے مطابق نئی رہنمائی ڈاکٹروں اور مریضوں کو غذا کے ذریعے قبض کا علاج کرنے میں مدد دے گی، یہ مریضوں کی علامات، صحت اور زندگی کے معیار کو بہتر بنائے گی۔
برطانوی ہیلتھ سروس کے مطابق ہفتے میں تین بار سے کم رفع حاجت کر پائا یا معمول سے کم بیت الخلا جانا قبض ہو سکتا ہے، اس کے علاوہ رفع حاجت کے دوران زور لگانا یا یہ احساس کہ آنتیں مکمل خالی نہیں ہوئیں بھی قبض کی علامات ہیں۔
ماہرین نے تجویز دی کہ روزانہ 2 سے 3 کیوی کھانے سے قبض سے نجات مل سکتی ہے، پھل کو چھلکوں یا اس کے بغیر دونوں طرح سے کھانا فائدہ مند ہوتا ہے، اس سے فائبر ملتا ہے، کیوی آنتوں میں پانی کی مقدار بڑھاتی ہے جو رفع حاجت کو نرم کرتی ہے اور آنتوں کے سکڑاؤ کو بہتر بناتی ہے۔
اس کے علاوہ ماہرین نے یہ تجویز بھی دی کہ آلو بخارا سمیت اسی طرح کے دیگر پھل بھی کھائے جانے چاہئیے جب کہ سادہ پانی کے مقابلے منرلز سے بھرپور پانی کا استعمال قبض کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔











لائیو ٹی وی