صدر آصف زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات، سیاسی و سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال
صدر آصف علی زرداری سے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق اہم ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے موجودہ سیاسی و سیکیورٹی صورتحال سمیت قومی اہمیت کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے صدر مملکت کو عالمی رہنمائوں سے ملاقاتوں کے بارے میں آگاہ کیا اور غزہ میں امن کے لیے کوششوں سمیت دورہِ مصر اور ملائیشیا کے بارے میں بھی بتایا۔
بعد ازاں، ون آن ون ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے قومی ترجیحات اور حکومتی پالیسیوں کی مجموعی سمت پر تبادلہ خیال کیا، ساتھ ہی قومی اہمیت کے معاملات پر سیاسی مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
قبل ازیں، ایوان صدر سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی، جس میں ملک کی داخلی و خارجی سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل نے صدرِ مملکت کو ملک کی مجموعی داخلی اور خارجی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی۔
آرمی چیف نے صدر پاکستان کو افغان طالبان حکومت کے جارحانہ اور اشتعال انگیز اقدامات کے نتیجے میں پیدا ہونے والی حالیہ سیکیورٹی صورتحال اور پاک افواج کے مؤثر اور مناسب ردِعمل سے بھی آگاہ کیا۔
آصف علی زرداری نے پاک فوج کی قوت، بہادری، صلاحیت اور تیاری پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔











لائیو ٹی وی