uvs130217-011

سیالکوٹ: عظیم شاعر ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی سیالکوٹ میں آبائی رہائش گاہ 'اقبال منزل' میں ان کے زیر استعمال رہنے والی اشیاء کی تھوڑ پھوڑ کی گئی ہے۔

یہ واقعہ تھانہ نیکاپورہ کی حدود میں محلہ کشمیریاں میں واقع اقبال منزل میں شام سات بجے اس وقت پیش آیا جب عباس نامی ملزم نے عمارت میں داخل ہونے کے بعد اسلحہ کی نوک پر نہ صرف قیمتی اشیاء کی توڑ پھوڑ کی بلکہ عملے کو بھی گالیاں دیں۔

uvs130217-018

واقعہ میں علامہ اقبال کے والدین کی تصاویر اورخود ان کے حوالے سے دیگر اہم تصاویر کے شیشے توڑ دیئے گئے۔ اس کے علاوہ متعدد تصاویر دیواروں سے اتار کر زمین پر پھینکی گئیں اور کرسیاں بھی الٹا دی گئیں۔

واقعہ کے بعد عمارت کے اردگرد موجود دکان داروں نے ملزم کو پکڑنے کے بعد اسے پولیس کے حوالے کردیا۔

uvs130217-019

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف قومی ورثے کی توہین سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری طاہر محمود اور دیگر مقامی رہنماؤں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے تھانہ کے باہر احتجاج کرتے ہوئے ملزم کوعبرت کا نشان بنانے کا مطالبہ کیا۔

احتجاج کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ملزم کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

 تفتیشی آفیسر سب انسپکٹر محمود بھٹی کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا جا چکا ہے۔

riqz-shah-incharge
اقبال منزل کے نگران سید ریاض حسین نقوی ۔-

دوسری جانب، اقبال منزل کے نگران سید ریاض حسین نقوی نے واقعہ کو المناک اور شرمناک قرار دیتے ہوئے کہ کہا کہ روزانہ سینکڑوں لوگ اقبال منزل کا دورہ کرتے ہیں اوراس واقعہ کی وجہ سے اس عظیم عمارت کا تقدس پامال ہوا ہے۔

uvs130217-016

 انہوں نے بتایا کہ ملزم توڑ پھوڑ کے دوران انہیں مسلسل قتل کرنے کی دھمکیاں دیتا رہا، اس واقعہ سے انہیں سخت صدمہ ہوا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ اقبال منزل قومی ورثہ ہے اور اس نوعیت کے واقعہ کی مستقبل میں روک تھام کیلئے سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔

تصاویر: محسن عباس

تبصرے (0) بند ہیں