غلط اپیل: رامدین پر دو میچوں کی پابندی

لندن: ویسٹ انڈیز کے وکٹ کیپر دنیش رامدین کو پاکستان کے خلاف میچ میں کیچ کی غلط اپیل کرنے پر دو میچوں کے لیے معطل کرنے کے ساتھ ساتھ ان پر 100 فیصد میچ فیس کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
لندن میں ہونے سماعت کے دوران رامدین نے التجا کی کہ انہوں نے جان بوجھ کر ایسا نہیں کیا تاہم میچ ریفری کرس براڈ نے انہیں کھیل کی اسپرٹ توڑنے کا مجرم قرار دیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری بیان کرس براڈ نے کہا ہے کہ یہ ایک انتہائی بڑا جرم ہے اور تمام کھلاڑیوں کی ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ وہ کھیل کو اس کی اسپرٹ کے مطابق کھیلیں۔
انہوں ے مزید کہا کہ مجھے امید ہے کہ رامدین اس حادثے سے سبق حاصل کریں گے اور مستقبل میں وہ یا کوئی اور کھلاڑی اس طرح کی غلطی نہیں کرے گا۔
اس معطلی ک باعث رامدین ویسٹ انڈیز کے ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے خلاف ہونے والے بقیہ دونوں گروپ میچز میں شرکت نہیں کر سکیں گے تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ویسٹ انڈین ٹیم اس فیصلے کے خلاف اپیل کرے گی یا نہیں۔
یاد رہے کہ جمعہ کو اوول، لندن میں کھیلے گئے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ میں پاکستانی کپتان مصباح الحق اپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکے تھے کہ کیمار روچ کے پانچویں اوور کی آخری گیند پر گیند ان کے بیٹ کو چھوتی وکٹ کیپر کے پاس پہنچی۔
اس موقع پر ویسٹ انڈین وکٹ کیپر دنیش رام دین نے زمین پر گرا کیچ تھام کر آؤٹ کی اپیل کی جس پر آسٹریلین امپائر اسٹیو ڈیوس نے فضا میں انگلی بلند کرتے ہوئے مصباح الحق کو آؤٹ قرار دیا۔
تاہم اس موقع پر انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے لیگ امپائر نائجل ایل لانگ نے مصباح الحق کو میدان سے باہر جانے سے روک لیا اور معاملہ تھرڈ امپائر کو ریفر کر دیا، ری پلے سے واضح ہوا کہ دنیش رام دین کیچ کو صحیح طریقے سے نہ تھام سکے اس کے باوجود انہوں نے اپیل کی تھی۔