پاکستانی فلم آسکردوڑ سے باہر

شائع December 22, 2013
۔ — فائل فوٹو
۔ — فائل فوٹو

لاس اینجلس: آسکر کی بہترین غیر ملکی زبان میں فلم کی کیٹیگری کے لیے نو ناموں کو شارٹ لسٹ کر لیا گیا۔

آسکر منتظمین کے مطابق ان میں فلسطین، ڈینمارک اور ہانگ کانگ کے فلم سازوں کی کاوشیں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ بیلجیئم، بوسنیا، کمبوڈیا، جرمنی، ہنگری اور اٹلی کی فلمیں بھی اپنی جگہ بنانے میں کامیاب رہیں۔

اس کیٹیگری کے لیے سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی فلم 'وجدہ' جبکہ پچھلی پانچ دہائیوں میں پاکستان کی پہلی فلم 'زندہ بھاگ' شارٹ لسٹ ہونے میں ناکام رہیں۔

اسی طرح آسکر انعام یافتہ ایران کے ہدایت کار بھی حتمی فہرست میں جگہ نہ بنا سکے۔

حیفہ المنصور کی 'وجدہ' خواتین سے متعلق سعودی فلم ہے۔

حیفہ سعودی عرب کی پہلی خاتون فلم ساز ہیں جنہوں نے پوری فلم ملک میں ہی بنائی۔

وجدہ گزشتہ سال دبئی فلم فیسٹول میں بہترین عربی فیچر فلم کا ایوارڈ جیت چکی ہے۔اسی طرح فلم کو رواں سال مارچ میں کانز میں بھی نوازا گیا۔

پاکستان کی 'زندہ بھاگ'ایک مزاحیہ -تھرلر کہانی ہے جس میں تین نوجوان روز مرہ کے مسائل سے نکلنے کے لیے غیر روائتی طریقہ اختیار کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ اس کیٹیگری کے لیے اکتوبر میں ابتدائی طور پر 76 فلمیں نامزد ہوئی تھیں۔

اگلے مہینے سولہ جنوری کو آسکر کی تمام کیٹی گریز کے لیے حتمی ناموں کے اعلان سے قبل اس کیٹی گیری سے مزید چار فلمیں نکال دی جائیں گی۔

فلمی دنیا کے معزز ترین اکیڈمی ایوارڈز کی اٹھاسویں تقریب دو مارچ کو منعقد ہو گی۔

کارٹون

کارٹون : 29 جون 2025
کارٹون : 28 جون 2025