جے وردنے سری لنکن ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل
کولمبو: سابق کپتان مہیلا جےوردنے پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارت میں تین میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا حصہ ہوں گے۔
سری لنکا کرکٹ کے ایک اعلامیے کے مطابق جے وردنے ذاتی وجوہات کی وجہ سے ایک روزہ سیریز سے دستبردار ہوگٓئے تھے جبکہ انہیں ٹیسٹ سیریز کے لیے 16 رکنی ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔
36 سالہ جے وردنے ان 11 کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار سے زائد رنز بنا رکھے ہیں۔
ان کے علاوہ سری لنکا کی جانب سے کمار سنگاکارا یہ سنگ میل عبور کرچکے ہیں۔
سری لنکن مڈل آرڈر کی ریڑھ کی ہڈی سمجھے جانے والے جے وردنے نے 138 ٹیسٹ میچوں میں 10،806 رنز بنا رکھے ہیں جس میں 31 سنچریاں اور 45 نصف سنچریاں شامل ہیں جبکہ ان کا اوسط 49.56 ہے۔
ان کے علاوہ ٹیم میں 22 سالہ سیمر وشوا فرنینڈو کو بھی شامل کیا گیا ہے جنہوں نے 15 فرسٹ کلاس میچوں میں 37 وکٹیں لے رکھی ہیں۔
آل راؤنڈر دلروان پریرا بھی ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔ غیر روایتی اسپنر اجنتا مینڈس ٹیم میں جگہ نہ بناسکے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 31 دسمبر کو ابو ظہبی شروع ہوگا۔
سری لنکن ٹیم: انجیلو میتھیوز (کپتان)، دنیش چندی مل، دیمتھ کارونارتنے، کوشل سلوا، کمار سنگاکارا، لہیرو تھری مانے، مہیلا جے وردنے، پراسنہ جے وردنے، نوان کلاسیکرا، سرنگا لکمل، شمندا ارنگا، وشوا فرنینڈو، سچترا سینانائکے، نوان پرادیپ، رنگنہ ہیراتھ، دلروان پریرا۔