مصباح کی اسپیشل فتوحات
ابو ظہبی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے قائد مصباح الحق نے جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے خلاف ایک روزہ میچز کی سیریز میں 'اسپیشل فتوحات' قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی بدولت پاکستان نے ایک مشکل سال کا کامیابی سے اختتام کیا۔
پاکستان نے گزشتہ ماہ جنوبی افریقہ کو اسی کی سرزمین پر ایک روزہ میچز کی سیریز میں 2-1 سے شکست دے کر پہلی مرتبہ پروٹیز کے خلاف ایک روزہ میچز کی سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔
گرین شرٹس نے فتوحات کے اس سلسلے کو سری لنکا کے خلاف سیریز میں بھی برقرار رکھا اور 3-2 سے کامیابی کو گلے لگایا۔
جمعہ کو ابو ظہبی میں سری لنکا کے خلاف سیریز کے پانچویں اور آخری ایک روزہ میچ میں شکست کے باوجود مصباح نے سیریز میں کامیابی کو اطمینان بخش قرار دیا ہے۔
جمعہ کو میچ کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ میرے خیال میں یہ ایک سخت سال تھا لیکن جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے خلاف سیریز میں فتوحات بہت خاص ہیں اور اس کے ذریعے ہم نے سال کا کامیاب انداز میں اختتام کیا۔
سری لنکا کے خلاف فتح پاکستان کی رواں سال ساتویں ایک روزہ میچز کی سیریز میں کامیابی ہے جو اب تک کسی بھی سال میں پاکستان کی ون ڈے سیریز کی فتوحات کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
پاکستان نے رواں سال کا آغاز ہندوستان کے خلاف اسی کی سرزمین پر 2-1 کی فتح سے کیا تھا اور اس کے بعداسکاٹ لینڈ، آئرلینڈ، ویسٹ انڈیز، زمبابوے، جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے خلاف سیریز میں فتح حاصل کی۔
مصباح نے امید ظاہر کی کہ سری لنکا کے خلاف ایک روزہ میچز کی سیریز میں فتح منگل سے حریف کے خلاف ابو ظہبی میں شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں ٹیم کا مورال بلدن کرنے میں معاون ثابت ہو گی۔
کپتان نے جون میں انگلینڈ میں ہونے والی چیمیئنز ٹرافی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں سال کے درمیان میں جدوجہد کرتے دکھائی دیے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی فیلڈنگ درست کرنے ی ضرورت ہے کیونکہ جمعہ کا میچ ہمارے ہاتھ میں تھا لیکن خراب فیلڈنگ کے باعث ہم نے جیتنے کا موقع گنوا دیا۔
پاکستانی ٹیم کے قائد نے رواں سال شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے 34 میچز میں 1373 رنز اسکور کی جو 2013 میں کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے ایک روزہ میچز میں اسکور کے جانے والے سب سے زیادہ رنز ہیں۔
پاکستان نے جمعہ کو سری لنکا کے خلاف مصباح الحق کے 51 اور انور علی کے 42 رنز کی بدولت آل آؤٹ ہونے سے قبل 234 رنز اسکور کیے جہاں سری لنکا نے چندیمل کی شاندار ناقابل شکست 64 رنز کی اننگ کی بدولت میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو وکت سے فتح حاصل کی۔
دوسری جانب سری لنکن قائم اینجلو میتھیوز نے سیریز میں ناکامی پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
میتھیوز کا کہنا تھا کہ ہم نے بہتر کھیل پیش کیا لیکن درحقیقت ہم پوری سیریز میں کسی بھی موقع پر اپنے معیار کے مطابق پرفارم کرنے میں ناکام رہے۔
انہوں نے شارجہ میں ہونے والے سیریز کے پہلے میچ میں شکست کو ٹرننگ پوائنٹ قرار دیا۔
انہوں نے کہاکہ اگر آپ سیریز پر نگاہ ڈالیں تو پہلا میچ بہت اہم تھا جہاں ہمیں گیارہ رنز سے شکست ہوئی اور اگر ہم وہ میچ جیت جاتے تو اس وقت 3-2 سے فتح ہمارا مقدر ہوتی۔
انہوں نے ٹیسٹ میچز میں زیادہپ بہتر کارکردگی کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیریز ہم نے مہیلا جےوردنے اور اسپنر رنگنا ہیراتھ سے محروم تھے لیکن وہ ٹیسٹ سیریز کے لیے واپس آ گئے ہیں جس میں ہماری ٹیم مکمل طاقت کے ساتھ میدان میں اترتے ہوئے زیادہ بہتر کھیل کا مظاہرہ کرے گی۔
تبصرے (1) بند ہیں