دو ہزار تیرہ کی کامیاب ہالی وڈ فلمیں

اپ ڈیٹ 01 جنوری 2014

دو ہزار تیرہ رابرٹ ڈاؤنی جونیئر کی فلم 'آئرن مین تھری' کے لیے سنہری سال تھا۔

باکس آفس رپورٹس کے مطابق اس کامک بک فرینچائز نے دنیا بھر میں 1.2 ارب ڈالرز کا کاروبار کر کے سال کی ٹاپ فلم کا اعزاز حاصل کیا۔

فلم بینوں نے جوق در جوق تھیٹرز کا رخ کیا تاکہ وہ ڈاؤنی جونیئر کو ارب پتی کاروباری شخصیت ٹونی سٹارک کے کردار میں دیکھ سکیں۔

سال کی دوسری بہترین فلم ' ڈسپیکیبل می ٹو' رہی، اس اینیمیٹڈ کامیڈی نے ٹکٹوں کی فروخت سے تقریباً 920 ملین ڈالرز کا بزنس کیا۔

ہالی وڈ کی گولڈن گرل جینیفر لارنس نے 'ہنگر گیمز: کیچنگ فائر' کے ذریعے باکس آفس پر دھوم مچائی۔

اس فلم نے دنیا بھر میں 795 ملین ڈالرز کا کاروبار کیا۔ لارنس، جنہیں ہنگر گیمز کی پہلی فلم نے سٹار بنا دیا، اس مرتبہ بھی اپنے کردار کے ساتھ انصاف کرتی نظر آئیں۔

دو ہزار تیرہ کی چوتھی کامیاب فلم ہمیشہ کی طرح قابل بھروسہ 'فاسٹ اینڈ فیورس' کا چھٹا سلسلہ تھا۔

ون ڈیزل اور مرحوم پال والکر پر مبنی سٹار کاسٹ اور ایکشن سے بھرپور اس فلم نے 790 ملین ڈالرز کمائے۔

تیس نومبر کو والکر کی کار حادثے میں اچانک موت کی وجہ سے فاسٹ اینڈ فیورس سیون کی ریلیز میں تاخیر ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ سال کی دس بہترین فلموں میں سے آٹھ سیکوئل تھیں۔