ایشیا کپ بنگلہ دیش ہی میں منعقد کرنے کا فیصلہ

شائع January 4, 2014
کچھ مبصرین کا کہنا تھا کہ شاید اس ٹورنامنٹ کو ڈھاکہ میں پرتشدد مظاہروں کے پیش نظر کسی اور ملک منتقل کردیا جائے—فائل فوٹو۔
کچھ مبصرین کا کہنا تھا کہ شاید اس ٹورنامنٹ کو ڈھاکہ میں پرتشدد مظاہروں کے پیش نظر کسی اور ملک منتقل کردیا جائے—فائل فوٹو۔

کولمبو: ایشیا کے کرکٹ سربراہوں نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ آئندہ ماہ ہونے والا ایشیا کپ بنگلہ دیش میں ہی منعقد ہوگا جبکہ ٹورنامنٹ میں افغانستان کو بھی شامل کیا جائے گا۔

کچھ مبصرین کا کہنا تھا کہ شاید اس ٹورنامنٹ کو ڈھاکہ میں پرتشدد مظاہروں کے پیش نظر کسی اور ملک منتقل کردیا جائے۔

کولمبو میں ہونے والی ایگزیگیٹیو بورڈ میٹنگ کے بعد ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے سربراہ اشرفل حق نے اے ایف پی کو بتایا کہ ٹورنامنٹ شیڈول کے مطابق بنگلہ دیش میں ہی 25 فروری سے منعقد ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس کے دوران کسی جانب سے اعتراض نہیں اٹھایا گیا۔ ان کے مطابق اجلاس کے دوران بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے سیکورٹی پر بریفنگ بھی دی۔

اے سی سی اعلامیے کے مطابق ٹورنامنٹ میں گیارہ میچز کھیلے جائیں گے جسکا فائنل 8 مارچ کو ہوگا۔

اکتوبر سے لے کر اب تک بنگلہ دیش میں جاری پرتشدد واقعات کے باعث 140 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ اپوزیشن نے انتخابات کے بائیکاٹ اور مظاہروں کا اعلان کر رکھا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے جمعرات کو کہا تھا کہ ایشیا کپ کے حوالے سے حکومت سے رائے لی جائے گی۔

تاہم حق کا کہنا تھا کہ اجلاس کے دوران پاکستان نے سیکورٹی کے حوالے سے کسی قسم کے خدشات کا اظہار نہیں کیا۔ 'پاکستان نے ہاں کہا ہے، نہ نہیں کہا۔'

تاہم پی سی بی ذرائع نے اے ایف پی کو ہفتے کے روز بتایا کہ آئی سی سی کے نو جنوری کو ہونے والے اجلاس کے دوران اس حوالے سے مزید وضاحت طلب کی جائے گی۔

دوسری جانب ابھرتی ہوئی ایشیائی ٹیم افغانستان کو بھی ایشیا کپ کے لیے شامل کرلیا گیا ہے۔

افغانستان کرکٹ بورڈ نے اے سی سی کا ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کا موقع فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ آئی سی سی کے ایک ترجمان نے گزشتہ ماہ اے ایف پی کو بتایا تھا کہ عالمی تنظیم بنگلہ دیش کی صورت حال کو بغور جائزہ لے رہی ہے۔

دوسری جانب گزشتہ روز سری لنکن کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ اگر بنگلہ دیش میں امن و امان کی خراب صورتحال بہتر نہ ہوئی تو وہ ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔

ایشیا کپ بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں چوبیس فروری سے سات مارچ تک کھیلا جانا ہے، جہاں کچھ عرصے سے پانچ جنوری کو ہونے والے الیکشن کو لے کر پرتشدد مظاہرے اور ہڑتالیں کی جا رہی ہیں۔

بنگلہ دیش کو سولہ مارچ سے چھ اپریل تک سولہ ملکی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی میزبانی بھی کرنی ہے، جو ملکی تاریخ کا سب سے بڑا کھیلوں کا مقابلہ ہو گا۔

مہمان ٹیموں کو بنگلہ دیش میں خطرہ دسمبر میں اس وقت عیاں ہو گیا تھا جب چٹاگانگ میں ویسٹ انڈیز انڈر نائنٹین ٹیم کے ہوٹل کے باہر ایک چھوٹا بم دھماکا ہوا۔

واقعہ کے بعد مہمان ٹیم نے دورہ ختم کر دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 29 جون 2025
کارٹون : 28 جون 2025