نیاگرا آبشار جم گئی

اپ ڈیٹ 16 جنوری 2014

آرکٹک ایئر کی خنکی نے مشرقی امریکہ میں سرد ترین موسم کے دہائیوں پرانے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔

اب اس نے امریکی و کینیڈین سرحد پر واقع مشہور و معروف نیاگرا آبشار کو بھی منجمد کرکے ونٹر ونڈرلینڈ میں تبدیل کردیا ہے۔

نیاگرا مشہور ترین آبشار ہے جسے دنیا کے قدرتی عجائبات میں سے ایک سمجھا جاتا ہے اور یہ دنیا میں سیاحوں کے پسندیدہ ترین مقامات میں بھی شامل ہے۔

آبشار کا زیادہ حسین حصہ کینیڈا کی جانب ہے جس کے لیے قوس قزح پل سے بذریعہ گاڑی یا پیدل کینیڈا میں داخل ہوا جا سکتا ہے۔

امریکہ اور کینیڈا کے شہریوں کو سرحد عبور کرنے کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں ہوتی جبکہ دیگر ممالک کے باشندوں کے لیے ویزا لازمی ہے۔

ایک سو چھیتر فٹ بلند یہ آبشار اور اس کے ارگرد کا علاقہ مکمل طور پر برف کی شکل اختیار کر گیا ہے اور پہلے اگر یہاں لوگ قدم رکھنے سے گھبراتے تھے تو اب حال یہ ہے کہ سیاح یہاں اٹھکیلیاں کرتے نظر آرہے ہیں۔

سرد موسم دریائے نیاگرا کو برف کے پل میں تبدیل کرچکا ہے اور اس کے باعث حکام نے علاقے کے دو جزیروں کیلئے فلیش فلڈ کی وارننگ جاری کردی ہے۔

اس سے پہلے اس علاقے میں سب سے کم درجہ حرارت 1942 میں منفی 20.55 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا، مگر موجودہ لہر نے اسے منفی 33.33 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرا دیا ہے۔