دبئی ٹیسٹ سری لنکا کے نام
دبئی:سری لنکا نے پاکستان کو دبئی ٹیسٹ میں نو وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔
فاتح ٹیم سری لنکا نے 137 رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کوشل سلوا 58 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ دیمتھ کرونارتنے 62 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اتوار کو یہاں دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 330 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو سرفراز احمد 70 اور سعید اجمل 7 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔
سرفراز احمد گزشتہ روز کے اسکور میں محض 4 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد سرنگا لکمل کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔
راحت علی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 8 رنز بنانے کے بعد لکمل کی گیند پر وکٹ کیپر پراسانا جائے وردنے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
سعید اجمل پاکستان کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 21 رنز بناکر لکمل کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔
اس طرح پاکستان کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 359 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئی۔
سری لنکا کی جانب سے لکمل سب سے کامیاب باؤلر رہے، انہوں نے 78 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نوان پردیپ، رنگنا ہیراتھ اور شمندا ارنگا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں سری لنکا نے ہدف بآسانی ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
سری لنکن اوپنرز نے انتہائی ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور 124 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو فتح کے قریب لے آئے۔
کوشل سلوا سری لنکا کے واحد آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 58 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد سعید اجمل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔
اس کے بعد دیمتھ کرونارتنے اور کمار سنگاکارا نے مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا اور اپنی ٹیم کو 9 وکٹوں سے کامیابی دلا دی۔
دیمتھ کرونا رتنے نے62 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جبکہ سنگاکارا 9 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
خیال رہے کہ وکٹوں کے حوالے سے یہ سری لنکا کی پاکستان کے خلاف سب سے بڑی کامیابی تھی۔ مہیلا جائے وردنے کو پہلی اننگز میں 129 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
اس سے قبل ابو ظہبی میں کھیلا گیا پہلا میچ ڈرا ہو گیا تھا۔ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ جمعرات سے شارجہ میں کھیلا جائے گا۔
مختصر سکور
پاکستان: 165 اور 359
سری لنکا: 388 اور 1-137
تبصرے (1) بند ہیں