انڈیا: گھریلو ملازمہ پر مرچوں کے ذریعے تشدد

شائع January 13, 2014
۔ —فائل فوٹو
۔ —فائل فوٹو

ممبئی:ہندوستان میں پولیس نے ایک گیارہ سالہ گھریلو ملازمہ کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنانے کے الزام میں ایک تاجر کو حراست میں لے لیا۔

گھریلو ملازمین کے ساتھ بدسلوکی کا یہ تازہ ترین واقعہ ممبئی کے نواحی ضلع تھین میں پیش آیا۔

واقعہ کی تفتیش کرنے والے ایک پولیس افسر نے بتایا کہ متاثرہ ملازمہ کو نا صرف زبردستی سرخ مرچیں کھلائی جاتی رہیں بلکہ اسے جسم کے نازک حصوں پر بھی لگایا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ اڑتیس سالہ دسترخوان فروخت کرنے والے شرجیل انصاری کو اختتام ہفتہ پر حراست میں لیا گیا تھا جبکہ ان کی بیوی فرحت سے پوچھ گچھ جاری ہے۔

آفیسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر مزید بتایا کہ جوڑے نے اس لڑکی کو شمالی ریاست اترپردیش میں تقریباً ایک سال قبل اس کے والدین سے پندرہ ہزار روپے کے عوض اس شرط پر لیا تھا کہ دیکھ بھال کے علاوہ لڑکی کو بہتر تعلیم بھی دی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان روزانہ لڑکی کو تشدد اور مارپیٹ کا نشانہ بناتے۔

لڑکی نے شکایت کی کہ اکثر ڈر یا پریشانی کی وجہ سے اس کا پیشاب نکل جانے پر ناصرف اسے زبردستی مرچیں کھانے پر مجبور کیا جاتا بلکہ اس کے جسم پر بھی لگائی جاتی۔

ملزمان لڑکی کی مدد کے لیے چیخ وپکار کو دبانے کیلئے اپنے گھر میں میوزک سسٹم کی آواز اونچی کر دیتے۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق جوڑے نے سزا کے طور پر لڑکی کے حساس اعضاء پر مرچیں لگائیں تاہم پولیس آفیسر کے مطابق انہیں اس دعوے کا علم نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہمسایوں کی جانب سے لڑکی کے ساتھ ممکنہ بدسلوکی کے بارے میں بتانے پر پولیس حرکت میں آ گئی۔

لڑکی کی ذمہ داریوں میں گھر کی صفائی ستھرائی اور بچے کی دیکھ بھال کرنا تھا۔

آفیسر نے کہا کہ لڑکی اب ایک مقامی غیر سرکاری تنظیم کے پاس ہے اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد جوڑے کے خلاف مقدمہ درج کرایا جائے گا۔

ہندوستان میں ہزاروں ملازمین، بالخصوص بچوں کو دور دراز اور غربت کی شکار ریاستوں سے شہروں میں کام کاج کیلئے سمگل کیا جاتا ہے۔

ان ملازمین سے طویل گھنٹوں تک کا کام لیا جاتا ہے اور انہیں کسی قسم کا قانونی تحفظ نہیں ہوتا۔

گزشتہ سال اکتوبر، نئی دہلی میں گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کرنے والی ایک جواں سالہ لڑکی کو چاقوؤں سے زخم لگانے اور اس پر کتے چھوڑے جانے کے بعد ہسپتال داخل کرایا گیا تھا۔

خیال رہے کہ 2006 ، انڈیا میں ایک قانون کے ذریعے چودہ سال سے کم عمر بچوں کو گھروں، سڑک کنارے قائم ڈھابوں اور ہوٹلوں میں بطور ملازم رکھنے پر پابندی لگا دی گئی تھی،تاہم 1.2بلین آبادی والے ملک میں اس قانون کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزی ہو رہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 26 جون 2025
کارٹون : 25 جون 2025