انڈیا کے ویزا قوانین میں نرمی

شائع February 6, 2014
سیکورٹی خدشات کی وجہ سے یہ سہولت پاکستان، افغانستان، سری لنکا اور عراق سمیت آٹھ ملکوں کے لیے نہیں۔—اے ایف پی فوٹو
سیکورٹی خدشات کی وجہ سے یہ سہولت پاکستان، افغانستان، سری لنکا اور عراق سمیت آٹھ ملکوں کے لیے نہیں۔—اے ایف پی فوٹو

نئی دہلی: ہندوستان کی جانب سے سخت ویزا قوانین میں 'تاریخی' ردو بدل کے بعد اب 180 ملکوں سے آنے والے سیاح ویزا کے حصول کے لیے مقامی قونصل خانوں میں لمبی قطاروں سے بچ جائیں گے۔

اب تک غیر ملکیوں کو ہندوستان آنے کے لیے ویزا پراسننگ سینٹرز پر درخواست جمع کرانے کے بعد کئی ہفتوں کا انتظار کرنا پڑتا تھا، جو ممکنہ سیاحوں کی حوصلہ شکنی کا سبب بن رہا تھا۔

تاہم نئی سکیم کے تحت، بہت سے سیاح اب آن لائن درخواست جمع کرا سکیں گے، جس کے بعد پانچ دنوں میں ان کی درخواست منظور کر لی جائے گی اور پھر انڈیا پہنچنے پر وہ اپنا ویزہ حاصل کر سکیں گے۔

بدھ کی شام وزیر برائے منصوبہ بندی راجیو شکلا نے صحافیوں کو بتایا: ہم نے 180 ملکوں سے آنے والے سیاحوں کو یہاں پہنچنے پر ویزا دینے کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

شکلا نے اس اقدام کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سہولت سے ملک کے سیاحتی شعبے کو زبردست تقویت ملے گی۔

ہندوستان میں جن ملکوں سے سب سے زیادہ سیاح آتے ہیں ان میں امریکا، برنایہ اور فرانس شامل ہیں۔

ان جیسے ملکوں سے آنے والوں کو اب لمبی قطاروں اور طویل عرصہ تک ویزا کے حصول کا انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔

خیال رہے کہ سیکورٹی خدشات کی وجہ سے یہ سہولت پاکستان، افغانستان، سری لنکا اور عراق سمیت آٹھ ملکوں کے لیے نہیں۔

ہندوستان کے خفیہ اداروں کی جانب سے کلیئرنس ملنے کے بعد بدھ کو وزارت خارجہ، شعبہ سیاحت اور دوسرے سرکاری حکام کی ایک اعلٰی سطحی ملاقات میں اس سکیم کی منظوری دی گئی۔

مقامی میڈیا نے جمعرات کو خبروں میں بتایا کہ حکومت پر امید ہے کہ رواں سال اکتوبر تک، جب سیاحتی سیزن عروج تک پہنچتا ہے، ملک کے بڑے ایئرپورٹوں سمیت تمام ضروری اور بنیادی ڈھانچہ فراہم کر دیا جائے گا۔

فی الحال جاپان، فن لینڈ اور انڈونیشیا سمیت گیارہ ملکوں کو ہندوستان پہنچنے پر ویزا دینے کی سہولت میسر ہے۔

اپنی خوبصورت ثقافت اور سیاحتی مقامات کے باوجود انڈیا بہت کم سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کر پاتا ہے۔

سن 2012 میں یہاں صرف ساٹھ لاکھ سیاح آئے جو تھائی لینڈ اور ملیشیا کے نسبت ایک چوتھائی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 جون 2025
کارٹون : 21 جون 2025