'ہمارے پاس کوئی اور راستہ نہیں تھا'
کولمبو: سری لنکا نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے حالیہ اجلاس میں ووٹ نہ دینے کے اپنے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی افریقی فیصلے کے بعد بورڈ کے پاس اس کے سوا کوئی اور راستہ نہیں تھا۔
ہندوستان، انگلینڈ اور آسٹریلیا کی جانب سے پیش کردہ 'بگ تھری' منصوبے کی پاکستان، جنوبی افریقہ اور سری لنکا نے مخالفت کی تھی۔
تاہم آئی سی سی اجلاس کے دوران جنوبی افریقہ نے منصوبے کے حق میں ووٹ دینے کا فیصلہ کیا جس کے بعد پاکستان اور سری لنکا نے ووٹنگ کے مرحلے میں حصہ نہیں لیا۔
نتیجتاً دس میں سے آٹھ ممالک نے کرکٹ کے معاملات بڑی حد تک 'بگ تھری' کے حوالے کرنے کے منصوبے کے حق میں ووٹ دے دیے۔
سری لنکا کے وزیر کھیل مہندانندا التھگاماگے نے سنگاپور میں ہونے والے اجلاس میں جنوبی افریقہ کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا 'ہمارے پاس اس کے سوا کوئی اور راستہ نہیں تھا۔'
'جب (جنوبی افریقہ کے) ہارون لورگاٹ نے کہا کہ وہ منصوبے کی حمایت کریں گے تو ہمارے پاس ووٹ نہ ڈالنے کے سوا کوئی اور چارہ نہیں تھا۔'
سری لنکا کرکٹ نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہی سب سے مناسب فیصلہ تھا۔
اس سے قبل پاکستان نے جنوبی افریقی فیصلہ کو 'دھوکا' قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا فیصلہ اصولوں پر مبنی تھا۔ پاکستان نے بھی ووٹنگ کے مرحلے میں حصہ نہیں لیا تھا۔
منصوبے کی منظوری کے بعد کرکٹ میں 80 فیصلہ مالی حصہ رکھنے والے ملک ہندوستان، انگلینڈ اور آسٹریلیا پانچ ممبران پر مشتمل ایگزیکٹیو کمیٹی کی مستقل رکن ہوں گے۔