معین خان قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر

شائع February 11, 2014
نئے ہیڈ کوچ معین خان کپتان مصباح الحق کے ہمراہ۔ فائل فوٹو
نئے ہیڈ کوچ معین خان کپتان مصباح الحق کے ہمراہ۔ فائل فوٹو

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز معین خان کو قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق پاکستانی کپتان نے کہا کہ ان کی پہلی ترجیح ایشیا کپ کا دفاع ہوگا جسے پاکستان نے 2012 کے ایڈیشن میں حاصل کیا تھا۔

'یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے اور یہ بہت بڑی ذمہ داری ہے۔ میں چاہوں گا کہ شائقین مجھے سپورٹ کریں۔'

2000ء میں ایشیا کپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم کے قائد کا کہنا تھا کہ میرا پہلا کام ایشیا کپ میں کامیابی حاصل کرنا ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) کی منیجمنٹ کمیٹی کا اجلاس آج حال ہی میں دوبارہ چیئرمین مقرر کیے گئے نجم سیٹھی کی صدارت میں لاہور میں منعقد ہوا۔

پی سی بی ہیڈکوارٹر میں ہونے والے مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں چیئرمین نجم سیٹھی، انتخاب عالم، اقبال قاسم، شہریار خان، شکیل شیخ، ظہیر عباس اور یوسف نسیم کھوکھر شریک ہوئے جبکہ نوید اکرم چیمہ اور اعجاز چوہدری شرکت نہ کر سکے۔

اجلاس میں سابق چیئرمین ذکا اشرف کے دور میں کی جانے والی تمام تقرریاں منسوخ کر دی گئیں۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے کہا کہ معین خان کو قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب محمد کو فیلڈنگ کوچ جبکہ ایشین بریڈ مین کے نام سے مشہور سابق اسٹار بلے باز ظہیر عباس کو چیف کرکٹ کنسلٹنٹ کے فرائض انجام دیں گے۔

سبحان نے مزید بتایا کہ کوچز کا تقرر ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ باسط علی، عامر سہیل اور محمد الیاس کی تعیناتی غیر قانونی تھی اور عامر سہیل کی بطور چیف سلیکٹر تقرری کا اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ محمد اکرام کو باؤلنگ کوچ کے عہدے پر بحال رکھتے ہوئے ان کے معاہدے میں دو سال کی توسیع کر دی گئی ہے جبکہ ذاکر خان قومی ٹیم کے منیجر ہوں گے۔

چیئرمین سلیکشن کمیٹی کے فرائض وقتی طور پر اظہر خان انجام دیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 جون 2025
کارٹون : 21 جون 2025