'جنوبی افریقہ، سری لنکا کو ہرانے کی وجہ سے برتری حاصل ہے'
لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے جمعے کو امید کا اظہار کیا ہے کہ ان کی ٹیم جیت کے تسلسل کو ایشیا کپ میں برقرار رکھنے میں کامیاب رہے گی۔
بنگلہ دیش میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ میں سابقہ ایڈیشن کی فاتح ٹیم پاکستان کا مقابلہ آئندہ ہفتے منگل کو سری لنکا سے ہوگا۔
ٹریننگ کیمپ کے آخری روز مصباح نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا 'میرے خیال سے (ایشیا کپ جیتنے کے لیے) ہر ٹیم فیورٹ ہے لیکن بچھلی دو ایک روزہ سیریز جیتنے کی وجہ سے برتری حاصل ہے۔'
یاد رہے کہ پاکستان نے گزشتہ سال دسمبر میں جنوبی افریقہ کو اسی کی سرزمین پر زیر کرنے کے بعد سری لنکا کو متحدہ عرب امارات میں شکست دی تھی۔
آٹھ مارچ تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ میں بنگلہ دیش، افغانستان اور پانچ مرتبہ کی چیمپئن ٹیم ہندوستان بھی حصہ لے گی۔
مصباح کا ماننا ہے کہ میزبان ٹیم بنگلہ دیش بھی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔
مصباح نے کہا 'اپنی کنڈیشنز میں بنگلہ دیش بھی انتہائی خطرناک ٹیم ہے اور جس طرح پچھلے ایشیا کپ میں انہوں نے سری لنکا اور انڈیا کو ہرایا اس کے بعد وہ بھی یکساں خطرناک ہے۔'
مصباح نے کہا کہ اچھی کارکردگی کے باعث ہم نے گزشتہ دو سریزی میں کامیابی حاصل کی اور جب آپ جیت رہے ہوتے ہیں تو آپ کا اعتماد بلند ہوتا ہے، ہمارے ساتھ بھی ایسا ہی ہے۔
ریٹائرمنٹ کے حوالے سے سوال پر 39 سالہ مصباح کا کہنا تھا کہ مجھے پتہ نہیں لوگ میرے پیچھے کیوں پڑے ہیں۔ میں جب تک پرفارم کررہا ہوں، کھیلنا چاہتا ہوں۔
یاد رہے کہ مصباح نے 2013ء میں بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ ایک روزہ رنز اسکور کیے تھے۔
پاکستانی ٹیم ہفتے کو ڈھاکہ روانہ ہوگی۔