اسٹارز کے مشورے

24 فروری 2014
بولی وڈ کی بیبو کرینہ کپور خان، سپر استار شاہ رخ خان اور خوبصورت اداکار منیشا کوئرالہ۔- اے ایف پی فوٹو
بولی وڈ کی بیبو کرینہ کپور خان، سپر استار شاہ رخ خان اور خوبصورت اداکار منیشا کوئرالہ۔- اے ایف پی فوٹو

بولی وڈ کے نواب سیف علی خان کی بیوی اور میگا اسٹار کرینہ کپور کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر ہالی وڈ فلموں کے لئے ایک مکمل 'پیکیج' ہیں اور انہیں ہالی وڈ میں کام کرنا چاہئے۔

کرینہ کپور کے خیال میں سیف بہت باصلاحیت اور مکمل ایکٹر ہیں، ان کے لکس، باڈی لینگویج اور اسٹائل نے انہیں اس بات کا حقدار بنا دیا ہے کہ وہ ہالی وڈ فلموں میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں۔

ممبئی میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کرینہ کا کہنا تھا کہ خود انہیں ہالی وڈ میں قسمت آزمانے کا کوئی شوق نہیں۔

بہت سی نئی اداکاراؤں کے آنے کے بعد بھی کرینہ کا شمار صف اول کی منجھی ہوئی اداکاراؤں میں ہوتا ہے جن کے ساتھ ہر ڈائریکٹر کام کرنا چاہتا ہے، اس بارے میں کرینہ کا کہنا ہےکہ ’میرے لئے یہ بہت خوشی اور اعزاز کی بات ہے۔

یہ سب ٹیلنٹ پر منحصر ہے نئے لوگوں میں سے وہی بولی وڈ میں لمبی اننگز کھیل پائیں گے جن میں ٹیلنٹ ہوگا، رہی میری بات تو ایکٹنگ ہمیشہ سے ہی میرا جنون رہی ہے۔

کرینہ کے مطابق 'میں نے کبھی خود کو اس طرح کا اسٹار سمجھا ہی نہیں جیسے لوگ مجھے سمجھتے ہیں، میں ایک عام لڑکی ہوں جسے گھروالوں اور دوستوں کے ساتھ وقت گزارنا اچھا لگتا ہے اور یہی وہ وقت ہوتا ہے جسے میں سب سے زیادہ انجوائے کرتی ہوں۔

'شاہ رخ خان'

بولی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے گھٹنے کی تکلیف کم نہیں ہوئی جس کی وجہ سے ڈاکٹروں نے انہیں سرجری کا مشورہ دے دیا۔

فلم 'ہیپی نیو ائیر' کی شوٹنگ کے دوران بولی وڈ اداکار پر دروازہ گر گیا تھا اور ان کے کندھے اور گھٹنے پر شدید چوٹیں آئیں، ان کے کندھے کا درد تو بہتر ہے لیکن گھٹنے کا درد ختم نہیں ہو سکا۔

ڈاکٹروں کے مطابق دروازہ گرنے کی وجہ سے شاہ رخ کے گھٹنے کا جوڑ بری طرح متاثر ہوا ہے جس کے لیے اداکار کی سرجری کی جائے گی۔

تاہم شاہ رخ خان سرجری نہیں کرانا چاہتے جبکہ ان کی صحت بہتر نہ ہونے کی وجہ سے فلموں کی شوٹنگ بھی متاثر ہو رہی ہے۔

اس سے قبل کنگ خان متعدد بار زخمی ہوئے ہیں ایک دفعہ گھٹنا ٹوٹا تھا، تین دفعہ ان کی کلائی ٹوٹی، ایک دفعہ سیدھی ایڑی میں شدید چوٹ آئی، ایک دفعہ بایاں کندھا زخمی ہوا۔

جبکہ متعدد ہڈیاں ٹوٹیں اور گردن میں بھی چوٹیں آئیں اور یہ سب فلموں کی شوٹنگ کے دوران ہوا ہے۔

'منیشا کوئرالہ'

دلفریب مسکراہٹ کی مالک اداکار منیشا کوئرالہ جنہوں نے بولی وڈ کے تقریباً سب ہی بڑے اداکاروں کے ساتھ کام کیا ہے اب یہ چاہتی ہیں کہ رنبیر کسی فلم میں ان کے چھوٹے بھائی کا کردار نبھائیں۔

انہوں نے رنبیر کی اداکاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ رنبیر بہترین اداکار ہیں اور انہوں نے رنبیر کا کام دیکھا ہے وہ ان سے بہت متاثر ہیں۔

اداکار نے رنبیر کے ساتھ ساتھ بولی وڈ کی نئی اداکاراؤں سے کی بھی تعریف کی، انہوں نے کہا کہ نئی آنے والی تمام اداکارائیں جن میں انوشکا، پرینتی، سوناکشی، سونم وغیرہ شامل ہیں، بہترین اداکارائیں ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں