انڈین فوج نے سات مشتبہ باغی ہلاک کردیئے
سری نگر، انڈیا: ہندوستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں افواج نے پیر کے روز ہونے والی ایک جھڑپ میں سات مشتبہ عسکریت پسند ہلاک کردیئے ہیں۔ اس بات کا انکشاف انڈین فوجی ترجمان نے کیا ہے۔
سری نگر سے 120 کلومیٹر دور داردپورہ نامی گاؤں میں انڈین افواج اور باغیوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔ فوج کے ترجمان نتن نرہار جوشی نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا۔
' فوجی اہلکار معمول کی گشت پر تھے کہ ان پر عسکریت پسندوں نے فائرنگ کردی۔ افواج نے اس کا جواب دیا اور اس جھڑپ میں کل سات افراد مارے گئے ،' جوشی نے کہا۔
ہندوستانی کشمیر میں سال 1989 سے درجن بھر مزاحمتی اور باغی گروپ اپنی لڑائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کا مقصد ہندوستان کے زیرِ انتظام کشمیر کو آزاد کرانا ہے یا پھر وہ اس کا الحاق پاکستان سے چاہتے ہیں۔
اس لڑائی میں اب تک ہزاروں افراد مارے جاچکے ہیں جن میں اکثریت سویلین افراد کی ہے۔
گزشتہ دسمبر ، ہندوستانی سیکیورٹی فورسز نے تین مشتبہ باغیوں کو اسی طرح کی ایک واقعے میں ہلاک کردیا تھا جس میں چار پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے تھے۔
ہندوستان ، کشمیر میں بغاوت کا الزام پاکستان پر لگاتا رہا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ ان کی اکثریت پاکستان سے سرحد عبور کرکے ہندوستانی کشمیر میں داخل ہوتی ہے۔
کشمیر ہندوستانی اور پاکستان کے درمیان تقسیم مسلم آبادی کا ایک علاقہ ہے جس پر دونوں ممالک مکمل ملکیت کا دعویٰ کرتے ہیں۔












لائیو ٹی وی