• KHI: Partly Cloudy 21.4°C
  • LHR: Clear 14.3°C
  • ISB: Clear 10.4°C
  • KHI: Partly Cloudy 21.4°C
  • LHR: Clear 14.3°C
  • ISB: Clear 10.4°C

شامی باغیوں کو اسلحہ فراہم نہیں کیا، پاکستان

شائع February 28, 2014

اسلام آباد: جمعرات کو پاکستان نے شامی باغیوں کو اسلحہ فراہم کرنے کی خبروں کو شدت سے مسترد کردیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ملکی اور بین الاقوامی اخبارات میں یہ رپورٹ شائع ہوئی تھیں کہ سعودی عرب کے کہنے پر پاکستان شامی باغیوں کو راکٹ اور ٹینک شکن ہتھیار فراہم کرے گا۔

دفترِ خارجہ کی ترجمان، تسنیم اسلم نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ کہ اسلام آباد نے ( شامی) 'فریقین' یعنی باغیوں کو کوئی اسلحہ نہیں دیا اور وہ شام کی سالمیت کا احترام کرتا ہے۔

' اسلحہ فروخت کرنے کی پالیسی گائیڈلائنز اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے لحاظ سے مرتب کی گئی ہیں۔' انہوں نے کہا۔

دفترِ خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ پاکستان تمام ممالک کے حقِ دفاع کو تسلیم کرتا ہے اور شام میں جنگ روکنے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا ،' کسی بھی طرح بیرونی طور پر ( شامی) حکومت کی تبدیلی کی پاکستان مسلسل مخالفت کرتا ہے۔'

' شام کے مسئلے پر ہمارا مؤقف بہت واضح ہے اور اس کا اظہار بار بار کیا جاتا رہا ہے۔'

اس سے قبل ایک سعودی ذریعے سے انکشاف ہوا تھا کہ ریاض پاکستان سے اینٹی ایئرکرافٹ گنز اور اینٹی ٹینک راکٹس کا خواہاں ہیں تاکہ انہیں شامی باغیوں کو فراہم کرکے شام کے صدر بشارالاسد کی حکومت کا تختہ الٹا جاسکے۔

واضح رہے کہ شامی فضائیہ باغیوں پر ٹی این ٹی اور دیگر بارود سے بھرے بم گراتی رہی ہے اور ان کو روکنے کیلئے شامی باغی طیارہ شکن راکٹ اور گنز کے خواہاں ہیں۔

امریکہ باغیوں کو یہ ہتھیار فراہم نہیں کرنا چاہتا کیونکہ اسے خدشہ ہے کہ یہ دیگر شدت پسندوں کے ہاتھ لگ سکتےہیں۔

لیکن شامی باغیوں کا خیال ہے کہ جنیوا میں شام پر ہونے والے مذاکرات کی ناکامی کے بعد امریکہ کا رویہ نرم پڑ سکتا ہے۔

شام میں جاری تین سالہ خانہ جنگی سے اب تک ایک لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور کئی لاکھ افراد ملک کے اندر اور باہر نقل مکانی کرچکے ہیں۔

تسنیم اسلم نے کہا کہ شام میں انسانی صورتحال پر پاکستانی کی نظر ہے اور وہ چاہتا ہے کہ شامی آبادی کی ضروریات پوری کی جائیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2025
کارٹون : 21 دسمبر 2025