کیٹ 'واک آف فیم' میں شامل

شائع March 14, 2014
ہالی وڈ فلم 'ٹائی ٹینک' کے ہدایتکار جیمز کیمرون اور کیتھی بیٹس آئندہ ہفتے کیٹ ونسلیٹ کو ستارہ پیش کریں گے۔- اے ایف پی فوٹو
ہالی وڈ فلم 'ٹائی ٹینک' کے ہدایتکار جیمز کیمرون اور کیتھی بیٹس آئندہ ہفتے کیٹ ونسلیٹ کو ستارہ پیش کریں گے۔- اے ایف پی فوٹو

لاس اینجلس: ہالی وڈ فلم 'ٹائی ٹینک' سے شہرت پانے والی برطانوی اداکار کیٹ ونسلیٹ بہت جلد ان مشہور و معروف ہالی وڈ ستاروں میں شامل ہونے جارہی ہیں جو اپنے غیر معمولی کام کی بدولت 'واک آف فیم' کا حصہ بن چکے ہیں۔

اڑتیس سالہ کیٹ ہالی وڈ کی 2520 ویں سٹار ہوں گی جن کے نام کا ستارہ لاس اینجلس میں واقع ہالی وڈ 'بلیوارڈ یا واک آف فیم' پر جگمگائے گا۔

کیٹ کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچانے والی فلم 'ٹائی ٹینک' کے ڈائریکٹر جیمز کیمرون اور فلم میں ان کی ساتھی اداکار کیتھی بیٹس آئندہ ہفتے کیٹ کو ان کے نام کا ستارہ پیش کریں گے۔

'واک آف فیم' تقریبات کی پروڈیوسر اینا مارٹنزکا کہنا ہے کہ لاس اینجلس کی مشہور و معروف بلیوارڈ پر کیٹ ونسلیٹ کا اضافہ بہت خوشگوار ہے اور ہم بہت خوش ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کیٹ اپنے کام کی بنیاد پر اس کی حقدار تھیں، دنیا بھر میں پھیلے کیٹ کے پرستار بھی یقیناً اس خبر پر خوش ہوں گے۔

حال ہی میں 'واک آف فیم' کا حصہ بننے والوں میں اداکار جولیان مور اور جین لنچ شامل ہیں۔

ہالی وڈ کی ایک معروف شاہراہ پر 1958 سے نصب ان کانسی کے مخصوص ستاروں پر انٹرٹینمنٹ کی دنیا میں بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کے ہاتھوں کے نشانات ثبت کئے جاتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 19 جون 2025
کارٹون : 18 جون 2025