بلبک: روس کی حامی افواج کریمیا میں واقع یوکرین کی فضائیہ کے اڈے میں گھس گئیں جہاں فوجی گاڑی پر سوار افواج نے کنکریٹ کی دیواریں توڑ ڈالیں جبکہ اس دوران فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔

فضائی بیس کے کمانڈر کے مطابق فائرنگ سے کم از کم ایک شخص زخمی ہوا جسے ایمبولینس میں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

یوکرین کی وزارت دفاع کی جانب سے فراہم کردہ ویڈیو فوٹیج کے مطابق ساحلی شہر سواستوپول میں واقع بلبل ایئر بیس میں اے پی سی نے مرکزی دروازہ بھی توڑ ڈالا۔

بیس کے یوکرین کمانڈر کرنل یولی مام کر نے کہا کہ کم از کم ایک شخص زخمی ہوا، انہوں نے اڈے پر موجود تمام فوجیوں کو ایک جگہ جمع کرلیا جنہوں نے یکجا ہو کر قومی ترانہ پڑھا۔ اس کے بعد انہوں نے اپنے فوجیوں کو اسلحہ خانے میں اپنا اپنا اسلحہ رکھنے کا حکم دیا۔

وزارت دفاع کے ترجمان ولادسلاو سلیزنیو نے فیس بک پر کہا ہے کہ یہ افراد مقامی لشکر کا حصہ ہیں جسے گزشتہ کچھ ہفتوں کے درمیان قائم کیا گیا ہے لیکن ان کی مشین گن اور اے پی سی کو دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ان کا کسی فوج سے تعلق ہے۔

ہفتے کو ہی یوکرین وزارت دفاع کے مطابق سمفروپول کے مغرب میں واقع نووو فیدورکا کے اڈے میں عوام گھس آئے۔

یوکرین کے ٹی وی اسٹیشن تی ایس این کے مطابق اڈے میں موجود دستوں نے مرکزی توڑنے کی کوشش کرنے والے ان لوگوں کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا۔

اس کے علاوہ روس کے حامی 5 ہزار سے زائد افراد نے یوکرین کے مرکزی مشرقی شہر میں ریفرنڈم کی حمایت اور روس کا حصہ بنائے جانے کے حق میں مظاہرہ کیا۔

یہ ریلی رفیرنڈم کے ذریعے کریمیا کو روس کا حصہ بنائے جانے کے ایک ہفتے بعد نکالی گئی جہاں مغربی ملکوں نے کریمیا کو روس کا حصہ بنانے کی شدید مخالفت اور اس عمل کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں