ٹی ٹوئنٹی جیتنے پر دس لاکھ ڈالرز بونس کا اعلان
کولمبو: سری لنکا نے قومی کرکٹ ٹیم کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا فائنل جیتنے کی صورت میں دس لاکھ ڈالرز کا بونس دینے کا اعلان کیا ہے۔
بارش سے متاثرہ سیمی فائنل میں ویسٹ انڈیز کو شکست دینے کے بعد اب سری لنکا اتوار کو انڈیا کے خلاف بنگلہ دیش میں جاری ایونٹ کا فائنل کھیلے گا۔
ٹیم کے فائنل میں پہنچنے کے بعد سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی) نے کہا کہ اگر قومی ٹیم ٹرافی جیتنے میں کامیاب ہوئی تو اعلان کردہ فیس میں تین گنا اضافہ کر دیا جائے گا۔
بورڈ کے جاری بیان میں کہا گیا ' ایس ایل سی کی ایک ہنگامی ایگزیکٹیو اجلاس میں ہونے والے فیصلے کے مطابق ایونٹ جیتنے کی صورت میں ٹیم کی اصل فیس پانچ لاکھ ڈالرز کو بڑھا کر پندرہ لاکھ ڈالرز کر دیا جائے گا'۔
پچھلے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا میزبان سری لنکا فائنل میں ویسٹ انڈیز سے شکست کھا گیا تھا۔
سری لنکا ایک روزہ میچوں کے پچھلے دو ورلڈ کپس میں بھی فائنل کھیلنے کے باوجود ٹرافی نہ جیت سکا۔
یاد رہے کہ ارجنا رانا تنگا کی کپتانی میں 1996 کا عالمی کپ جیتنے کے بعد سری لنکا ایک بھی بڑا ایونٹ جیتنے میں ناکام رہا ہے۔