'مصباح 2015 ورلڈ کپ تک کپتان رہیں گے'
کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ نے مصباح الحق کی بحیثیت ایک روزہ ٹیم کے کپتان کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آئندہ سال ہونے والے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی قیادت کریں گے۔
چیف سلیکٹر معین خان نے منگل کو ایک ون ڈے ٹیم کے کپتان کی ممکنہ تبدیلی کا اشارہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس سلسلے میں بات چیت جاری ہے اور اگر اتفاق رائے ہو جاتا ہے تو تبدیلی کی جائے گی۔
لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے مئی 2011 میں کپتان سنبھالنے کے بعد 71 میں سے 39 ایک روزہ میچوں میں فتح پانے والے مصباح الحق کی مکمل حمایت کردی ہے۔
سیٹھی نے اے ایف پی سے گفتگو میں کہا کہ میں مصباح الحق کو آئندہ سال ورلڈ کپ تک کپتان برقرار رکھنے کے فیصلے پر قائم ہوں۔
آئندہ سال فروری اور مارچ میں ہونے والے کرکٹ کے گیارہویں ورلڈ کپ کی میزبانی مشترکہ طور پر آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کریں گے۔
آئندہ ماہ چالیس سال کے ہونے والے مصباح الحق پر ان کے دفاعی انداز قیادت کے باعث شدید تنقید کی جاتی ہے حالانکہ ان کی زیر قیادت قومی ٹیم نے گزشتہ سال سات ون ڈے سیریز جیتیں جو 12 ماہ میں پاکستان کی جانب سے سیریز جیتنے کا ریکارڈ ہے۔
مصباح نے 27 ٹیسٹ میچز میں بھی پاکستان کی قیادت کی جس میں سے 12 میں فتح اور سات میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ آٹھ میچز ڈرا ہوئے۔
سیٹھی نے کہا کہ کپتان کون ہونا چاہیے اس حوالے سے سلیکٹرز کے ذاتی خیالات جو بھی ہوں، میں اپنے فیصلے پر قائم رہوں گا۔
'مصباح نے ٹیسٹ اور ایک روزہ میچز دونوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور وہ اس وقت ٹیم کے سب سے زیادہ فٹ کھلاڑی ہیں'۔
یاد رہے کہ قومی ٹیم کے کپتان 2013 میں ایک ہزار 373 رنز بنا کر ایک روہز میچز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز رہے تھے۔
معین خان نے گزشتہ روز کہا تھا کہ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے فٹنس کو سب سے زیادہ اہمیت دی جائے گی۔
ساتھی سلیکٹر محمد اکرم نے کہا تھا کہ تمام کھلاڑیوں کی فٹنس کا انتہائی باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا اور اگر کسی کی فٹنس میں کمی ہوئی تو اس کو بہتر کیا جائے گا۔
تبصرے (1) بند ہیں