پاکستان، ہندوستان کے درمیان چھ مکمل سیریز متوقع

شائع May 14, 2014 اپ ڈیٹ May 15, 2014
پی سی بی کی کوشش ہو گی کہ یہ سیریز پاکستان میں کھیلی جائیں لیکن اگر سیکورٹی خدشات کی بنا پر ایسا ممکن نہ ہوسکا تو ہوم سیریز کے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔ فائل فوٹو
پی سی بی کی کوشش ہو گی کہ یہ سیریز پاکستان میں کھیلی جائیں لیکن اگر سیکورٹی خدشات کی بنا پر ایسا ممکن نہ ہوسکا تو ہوم سیریز کے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔ فائل فوٹو

لاہور: پاکستان اور ہندوستان کے درمیان طویل عرصے سے کرکٹ تعلقات میں تعطل کے خاتمے کی امیدیں روشن ہو گئی ہیں. پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ روایتی حریف بھارت سے 2023 تک چھ مکمل سیریز کھیلنے پر سمجھوتا ہو گیا ہے۔

دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ تعلقات 2008 میں ممبئی حملوں کے بعد تعطل کا شکار ہو گئے تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستان نے ہندوستان سے ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت پاکستان متوقع طور پر آئندہ آٹھ سالوں میں چار سیریز کی میزبانی کرے گا۔

پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے اے ایف پی کو بتایا کہ فیوچر ٹور پروگرام میں 2015 سے 2023 کے درمیان پاکستان اور ہندوستان کے درمیان چھ دورے شیڈول ہیں۔

گزشتہ ماہ اس طرح کی افواہیں زیر گردش تھیں کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان آئندہ ایک سال کے دوران مکمل سیریز کھیلی جائے گی جو درحقیقت پاکستان کو بگ تھری میں ہندوستان کی حمایت کا انعام ہے۔

ء2008 میں ممبئی میں ہونے والے حملوں کے بعد ہندوستان نے پاکستان سے دوطرفہ سیریز معطل کردی تھی جہاں پڑوسی ملک نے واقعے میں ملوث دہشت گردوں کے پاکستانی ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔

پاکستان نے 2012 کے آخر میں مختصر سیریز کھیلنے کے لیے ہندوستان کا دورہ کیا تھا تاہم ہندوستانی بورڈ کے مسلسل انکار کے باعث پی سی بی مکمل سیریز کے انعقاد میں کامیاب نہ ہو سکا۔

سبحان احمد نے کہا کہ ان چھ دوروں کے دوران 14 ٹیسٹ، 30 ایک روزہ اور 12 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی کی کوشش ہے کہ ان دوروں کو قانونی شکل دینے کے لیے جلد از جلد تحریری معاہدے کیے جائیں۔

پی سی بی کی کوشش ہو گی کہ یہ سیریز پاکستان میں کھیلی جائیں لیکن اگر سیکورٹی خدشات کی بنا پر ایسا ممکن نہ ہوسکا تو ہوم سیریز کے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔

ء2009 میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں حملوں کے بعد سے کسی بھی غیر ملکی ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا اور پاکستان کو اپنی تمام سیریز نیوٹرل مقامات پرکھیلنی پڑی ہیں۔

اگر یہ سیریز یہ طے پاجاتی ہے تو یہ ایک عرصے پر سیکورٹی خدشات کی بنا پر ملک میں کرکٹ سے محروم بورڈ کی بہت بڑی کامیابی ہو گی۔

پاکستان نے آخری بار 2007 میں ہندوستان میں مکمل سیریز کھیلی تھی جبکہ ہندوستانی ٹیم نے آخری بار 2006 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 25 جون 2025
کارٹون : 25 جون 2025