'مائیکل جیکسن کی 'واپسی

شائع May 19, 2014
۔ —اے پی فائل فوٹو
۔ —اے پی فائل فوٹو

لاس ویگاس: پاپ کے آنجہانی شہنشاہ مائیکل جیکسن نے سٹیج پر واپسی کرتے ہوئے شاندار 'پرفارمنس' دی۔

اتوار کولاس ویگاس میں منعقدہ بل بورڈ ایوارڈز میں سنہری جیکٹ، سفید ٹی شرٹ اور لال پینٹس پہنے جیکسن کا ہولوگرام سٹیج پر ڈانسرز اور لائیو بینڈ کے ساتھ 'اے سلیو ٹو دی ریتھم' گانا اور مشہور ڈانس مون واک کرتا نظر آیا۔

خیال رہے کہ یہ گانا 1991 میں ریکارڈ کیا گیا تھا اور اسے البم 'سکیپ' کے ایک حصے کے طور پر جاری کیا گیا۔

یہ البم جیکسن کی وفات کے بعد سامنے آنے والا دوسرا البم ہے جس میں ان کے اب تک جاری نہ ہونے والے گانے شامل ہیں۔

جیکسن کی اس 'پرفارمنس' کو آخری لمحات تک خفیہ رکھا گیا اور ایونٹ کے منتظمین کا کہنا ہے کہ پچھلے ایک سال اس پرفارمنس کے لیے 104 فنکار اور تکنیکی ماہرین مسلسل کام کر رہے تھے۔

یاد رہے کہ سکون آور پروپوفول کی زیادہ مقدار لینے کی وجہ سے پچاس سالہ جیکسن کا جون،2009 میں انتقال ہو گیا تھا۔

اتوار کو ایم جی ایم ہوٹل میں ہونے والی تقریب میں پاپ ڈیوا جینیفر لوپیز، برازیل کی سٹارکلاڈیا لٹے اور ریپر پٹ بال نے فٹبال ورلڈ کپ 2014 کا گانا بھی پیش کیا۔

اس کے علاوہ شکھیرا نےمشہور گانا'ایمپائر' اور لندن ٹور کرنے والی ملی سائرس نے بیٹل کا مشہور زمانہ 'لوسی ان دی سکائی ویتھ ڈائمنڈز' گایا۔

تقریب میں جسٹن ٹمبر لیک نے ٹاپ آرٹسٹ سمیت سات ایوارڈز جیتے جبکہ جینیفر لوپیزنے آئیکون ایوارڈ اپنے نام کیا۔

دوسرے ایوارڈ جیتنے والوں میں نیو زی لینڈ کے لورڈ (ٹاپ نیو آرٹسٹ)، ایمیجن ڈریگنز (ٹاپ ڈیو/گروپ)، کیٹی پیری (ٹاپ خاتون آرٹسٹ)، اور حیران کن طور پرجسٹن بیبر نے (ٹاپ سوشل آرٹسٹ)کا ایوارڈ جیتا۔

بیبر نے اس ایوارڈ کے لیے ملی سائرس، ریحانہ، ٹیلر سوئفٹ اور برطانوی بینڈ ون ڈائریکشن کو شکست دی۔

کارٹون

کارٹون : 29 جون 2025
کارٹون : 28 جون 2025