اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف نے تھری اور فور جی موبائل سپکٹرم کی نیلامی میں کامیاب ہونے والے موبائل آپریٹرز کو باقاعدہ لائسنس جاری کر دیے۔

جمعرات کو یہاں ایک منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نواز شریف نے کہا کہ ملک کی حقیقی ترقی جدید ٹیکنالوجی کے حصول سے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو مختلف محاذ درپیش ہیں جس وہ نبرد آزما ہونے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ چار سال بعد کے پاکستان کو مستحکم، توانا اور ترقی یافتہ ملک کے طور پر دیکھ رہےہیں۔

وزیراعظم نے تقریب کے شرکاء کو بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی حاصل کر کے ہی حقیقی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جاسکتا ہے۔

اس موقع پر انہوں نے توانائی بحران اور غیرملکی سرمایہ کاری بڑھانے سے متعلق اپنائی گئی پالیسیوں سے متعلق بھی بتایا۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے اپریل میں تھری جی کے تین اور فو جی کا ایک لائسنس کی نیلامی کی تھی۔


نیلامی کے خلاف عدالت میں درخواست


دوسری جانب، تھری جی اور فور جی لائسنسوں کی نیلامی کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔

نیلامی کے خلاف شہری ساجد اکرم کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائردرخواست میں پی ٹی اے اورپانچ موبائل کمپنیوں کو فریق بنایا گیا ہے۔

جمعرات کو دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیلامی کا عمل شفاف نہیں اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی گئی۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ نیلامی کے ذریعے قومی خزانے کو بڑے پیمانے پرنقصان پہنچایا گیا۔

درخواست میں تمام موبائل کمپنیوں کو تھری جی، فور جی سپیکٹرم کے استعمال سے روکنے اور دوبارہ نیلامی کا حکم دینے کی استدعا بھی کی گئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں