سیٹھی پاکستان میں سری لنکن سیریز کیلیے پرعزم

نجم سیٹھی کو گزشتہ روز ہی سپریم  کورٹ نے دوبارہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کا سربراہ تعینات کیا تھا۔
نجم سیٹھی کو گزشتہ روز ہی سپریم کورٹ نے دوبارہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کا سربراہ تعینات کیا تھا۔

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پاکستان ہوم سیریز کے لیے سری لنکا کو پاکستان آ کر کھیلنے کی دعوت دے گا۔

یاد رہے کہ سیٹھی کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب دو روز قبل ہی سری لنکن وزیر اعظم مہندا راجا پکسے نے چین میں ہونے والے اجلاس کے موقع پر اپنے پاکستانی ہم منصب سے سری لنکن ٹیم پاکستان بھیجنے کا وعدہ کیا تھا۔

سیٹھی میں لاہور میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکن صدر کے وعدے کے بعد ہم ان کی ٹیم کو پاکستان آ کر کرکٹ کھیلنے کا دعوت نامہ بھیج رہے ہیں اور اس سلسلے میں ہمیں مثبت جواب کی امید ہے۔

یاد رہے کہ مارچ 2009 میں لاہور میں میچ کھیلنے کے لیے موجود سری لنکن ٹیم پر نامعلوم شدت پسندوں نے حملہ کردیا تھا جس میں آٹھ افراد ہلاک اور سات سری لنکن کھلاڑی زخمی بھی ہوئے تھے۔

اس واقعے کے بعد سے کسی بھی غیر ملکی ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا اور پاکستان کو اپنی تمام سیریز غیر ملکی سرزمین پر کھیلنی پڑیں۔

بنگلہ دیش نے دو بار پاکستان آ کر کھیلنے کی حامی بھری لیکن دونوں ہی مواقعوں پر انہوں نے سیکورٹی خدشات کو بنیاد بناتے ہوئے دورہ پاکستان سے انکار کردیا۔

سیٹھی نے کہا کہ ہم ان کی میزبانی کے لیے تیار ہیں، ہم نے انہیں اپنی کرکٹ مصروفیات کے حوالے سے بتا دیا ہے اور اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔

'ہماری پہلی ترجیح کسی بھی انٹرنیشنل ٹیم کی میزبانی ہے اور ہم اس کے لیے کوششیں کر رہے ہیں'۔

پاکستان کو رواں سال دو ٹیسٹ اور تین ایک روزہ میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے سری لنکا کا دورہ کرنا ہے۔

اس کے بعد پاکستان نے اکتونر سے دسمبر تک متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کی میزبانی کرنی ہے۔

اس دوران پاکستان دسمبر سے جولائی کے درمیان خالی عرصے میں زمبابوے سے سیریز کھیل سکتا ہے لیکن حکام اس دورانیے میں سری لنکا کی میزبانی کے خواہاں ہیں۔

سیٹھی نے یہ پریس کانفرنس سپریم کورٹ کی جانب سے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کا دوبارہ سربراہ تعینات کیے جانے کے ایک دن بعد کی جہاں اس سے چار دن قبل ہی اسلام آباد ہائی کورٹ نے ذکا اشرف کو چیئرمین پی سی بی کی حیثیت سے بحال کیا تھا۔

حالیہ پیشرفت پر گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ وزیر اعظم کرکٹ بورد کے پیٹرن ان چیف ہیں اور وہی بورڈ کے سربراہ کی تعیناتی کے ذمے دار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کسی کو بھی پوائنٹ اسکورننگ کر کے قومی مفاد کو نقصان نہیں پہنچانا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی کے نئے آئین کا مسودہ تیار ہو چکا ہے اور اسے منظوری کے لیے حکومت کو بھجوا دیا گیا ہے، اس سے بورڈ میں انتخابات کے حوالے سے ابہام دور ہو جائے گا۔

پی سی بی کے سربراہ نے تسلیم کیا کہ بورڈ کرپشن سے پاک نہیں اور اسی لیے انہوں نے راشد لطیف کو چیف سلیکٹر مقرر کیا تھا۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاملات سے متعلق کوئی تشویش نہیں ۔

کارٹون

کارٹون : 26 جون 2025
کارٹون : 25 جون 2025