آملہ ٹیسٹ ٹیم کیلئے جنوبی افریقی قائد نامزد
جنوبی افریقہ کے معروف بلے باز ہاشم آملہ کو منگل کے روز ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان کے لئے نامزد کردیا گیا ہے۔
وہ گزشتہ ایک دہائی سے جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنے والے گریم اسمتھ کی جگہ یہ عہدہ سنبھالیں گے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے ہاشم آملہ نے انکساری کے ساتھ کہا کہ ایسے وقت کہ جب پروٹیز اوپننگ بلے باز اسمتھ اور عظیم آل راؤنڈر جیک کیلس کے ٹیم سے رخصت ہورہے ہیں اور ٹیم کو دوبارہ سے تیاریوں کی ضرورت ہے وہ پوری دلجمعی کے ساتھ اپنا کردار ادا کریں گے۔
آملہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے گزشتہ کئی سالوں سے صرف اپنی بیٹنگ کو بہتر بنانے پر توجہ دی ہے تاکہ بہترین بلے بازکے طور پر سامنے آسکوں ،امید ہے کہ آئندہ بھی میں یہ اعزاز برقرار رکھ سکوں گا۔
لیکن میں سمجھتا ہوں کہ اب ٹیم کے لئے بھی کچھ کرنے کا وقت آگیا ہے۔
اکتیس سالہ آملہ نے دس سال قبل ہندوستان کے خلاف کولکتہ میں اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا تھا،اپنی کارکردگی کی وجہ سے اس بات کا قوی امکان تھا کہ ہاشم آملہ کو اہم ذمہ داری سونپی جاسکتی ہے۔
ٓجنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کی ٹیسٹ ٹیم کے لئے نئے نامزد کپتان نے گریم اسمتھ اور ان کی قائدانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دس سال سے زائد ٹیم میں ان کے گزارے گئے وقت میں اسمتھ کاکردار انتہائی اہم تھا۔
گریم اسمتھ نے جنوبی افریقہ کی جانب سے 109 ٹیسٹ میچوں میں ٹیم کی نمائندگی کی ہے جو کہ ایک عالمی ریکارڈ ہے۔
جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے سیلکٹرز کا کہنا ہے کہ کپتان کے انتخاب کے لئے تین بڑے بلے باز میدان میں تھے جن میں اے بی ڈی ویلیئرز، ڈپلیسی اور آملہ شامل تھے۔
لیکن ان سب میں ایک باریش مسلمان آملہ کا انتخاب کیا گیا جو کہ اکثر عوام سے دور ہی رہتے ہیں۔
اسمتھ کی تقلید کرنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ایک چیز جو انہوں نے انٹرنیشنل مقابلوں میں سیکھی ہے وہ یہ ہے کہ آپ کبھی کسی کو نقل کرنے کی کوشش مت کریں، اکثر دیکھا گیا ہے کہ دوسروں کی نقل کرنے والے ناکام ہی ثابت ہوئے ہیں۔
میں نے اپنے کھیل کو بہتر بنانے کے لئے بھی کوشش کی کہ بس اپنا نیچرل کھیل کھیلوں اور یہی بات میرے کھیل کو نکھارنے میں کامیاب ثابت ہوئی۔
ہاشم آملہ کا کہنا ہے کہ وہ ایک ٹیم کو یکجا کرکے ایسی ٹیم بنانے کی کوشش کریں گے جو ٹیسٹ رینکنگ میں دوبارہ نمبر ایک پوزیشن حاصل کرسکے۔
معلوم رہے کہ آملہ نے2002 کے انڈر 19 ورلڈ کپ میں ساؤتھ افریقا کی ٹیم کی نمائندگی کی تھی جبکہ وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں بھی اپنی ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
ہاشم آملہ کا پہلا ٹارگٹ دورہ سری لنکا ہے جہاں جولائی میں وہ جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کی دو ٹیسٹ میچوں میں نمائدنگی کریں گے۔