پے پے پر تین میچوں کی پابندی کا خطرہ

شائع June 17, 2014
پے پے، جرمن کھلاڑی سے اپنا سر ٹکراتے ہوئے۔ فوٹو اے ایف پی
پے پے، جرمن کھلاڑی سے اپنا سر ٹکراتے ہوئے۔ فوٹو اے ایف پی

سلواڈور: پرتگال کے اسٹار کھلاڑی پے پے پر ورلڈ کپ کے پہلے میچ کے بعد ہی تین میچوں کی پابندی کا خطرہ منڈلانے لگا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز گروپ جی میں جرمنی کے خلاف اہم میچ میں پے پے کو امپائرنگ کے فیصلے کی سخت خلاف ورزی پر ریڈ کارڈ دکھا دیا گیا تھا۔

میچ کے 37ویں منٹ میں پے پے نے جرمن اسٹار تھامس مُلر کو منہ پر ہاتھ مار کر گرا دیا تھا جس پر امپائر نے فاؤل دیا تاہم اس کے باوجود پے پے نے اپنی جگہ کھڑے رہنے کے بجائے اپنا سر مُلر کے سر سے جا ٹکرایا۔

پے پے ریڈ کارڈ ملنے کے بعد مسکراتے ہوئے۔ فوٹو اے ایف پی
پے پے ریڈ کارڈ ملنے کے بعد مسکراتے ہوئے۔ فوٹو اے ایف پی

سربیا کے امپائر میلورڈ میزک نے اس حرکت کے بعد فوری طور پر انہیں ریڈ کارڈ دکھا کر میچ سے باہر کردیا۔

ریڈ کارڈ کے باعث مُلر اگلے میچ سے باہر ہو چکے ہیں لیکن کھیل کے قوانین توڑنے کی پاداش میں ان پر تین میچوں کی پابندی عائد کیے جانے کا خطرہ ہے۔

واضح رہے کہ اس میچ میں جرمنی نے تھامس مُلر کی شاندار ہیٹ ٹرک کی بدولت پرتگال کو 4-0 کی عبرتناک شکست سے دوچار کیا تھا۔

اگر پے پے پر تین میچوں کی پابندی لگتی ہے تو اس لحاظ سے خطرہ ہے کہ وہ مزید اس ورلڈ کپ میں حصہ نہیں لے پائیں گے کیونکہ اگر پرتگالی ٹیم اگلے راؤنڈ میں باہر ہوتی ہے تو دفاعی کھلاڑی کا ورلڈ کپ میں پہلا میچ ہی آخری بن جائے گا۔

دوسری جانب فیفا نے ہونڈورس کے کھلاڑی ولسن پلاسیوس اور یوراگوئے کے میکسی پریرا پر ایک ایک میچ کی پابندی کی توثیق کردی ہے۔

پلاسیوس کو فرانس کے خلاف میچ میں خطرناک انداز میں کھلاڑی کو ٹیکل کرنے پر دو پیلے کارڈ دکھے تھے جو قوانین کے تحت ریڈ کارڈ میں تبدیل ہو گئے۔

اس پابندی کے باعث ہونڈرس کے کھلاڑی اپنی ٹیم کے ایکواڈور کے خلاف اہم میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔

اسی طرح یوراگوئے کی کوسٹاریکا کے خلاف حیران کن شکست کے دوران ریڈ کارڈ لینے والے کھلاڑی پریرا بھی انگلینڈ کے خلاف میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔

یہ میچ یوراگوئے اور انگلینڈ دونوں کے لیے فائنل کی حیثیت رکھتا ہے جہاں ہار کی صورت میں ناکام ٹیم ایونٹ سے باہر ہو جائے گی۔

فیفا کے قوانین کے تحٹ ریڈ کارڈ کے بعد کوئی بھی کھلاڑی ناصرف اس میچ بلکہ اگلے میچ سے بھی باہر ہو جاتا ہے جبکہ فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی ان کی حرکت پر اس پابندی میں توسیع کا اختیار بھی رکھتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 18 جون 2025
کارٹون : 17 جون 2025